پشاور۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ کھیل اور نوجوانان امور خیبر پختونخواہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر سپورٹس قبائلی اضلاع نے ضلع باجوڑ کے سپورٹس کمپلیکس کا تفصیلی دورہ کیا۔حالیہ آپریشن کے دوران ضلع باجوڑ میں متاثرینِ آپریشن کے لیے مختص باجوڑ سپورٹس کمپلیکس کو عارضی کیمپ کے طور پر استعمال کیا گیا تھا۔ متاثرین کی باعزت واپسی کے بعد سپورٹس کمپلیکس خالی کر دیا گیا ہے، تاہم …
باجوڑ سمیت قبائلی اضلاع میں کھیلوں کی سہولیات کی بحالی اور فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، ترجمان محکمہ کھیل اور نوجوانان امور
پشاور۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ کھیل اور نوجوانان امور خیبر پختونخواہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر سپورٹس قبائلی اضلاع نے ضلع باجوڑ کے سپورٹس کمپلیکس کا تفصیلی دورہ کیا۔حالیہ آپریشن کے دوران ضلع باجوڑ میں متاثرینِ آپریشن کے لیے مختص باجوڑ سپورٹس کمپلیکس کو عارضی کیمپ کے طور پر استعمال کیا گیا تھا۔ متاثرین کی باعزت واپسی کے بعد سپورٹس کمپلیکس خالی کر دیا گیا ہے، تاہم کیمپ کے دوران اس کمپلیکس کو شدید نقصان پہنچا، خصوصاً کرکٹ گراؤنڈ اور فٹ بال گراؤنڈ کھیلنے کے قابل نہیں رہے۔ ترجمان نے کہا کہ گراؤنڈ اور سپورٹس کمپلیکس کی بحالی کے لیے تقریباً 8 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ورکس سپورٹس، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر باجوڑ بھی موجود تھے۔ دورہ کے دوران آئی ڈی پیز کیمپ کے باعث متاثر ہونے والی کھیلوں کی سہولیات اور گراؤنڈز کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور ایک جامع رپورٹ تیار کی گئی۔ ترجمان نے کہاکہ گراؤنڈ پر جلد ہی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو ایک مرتبہ پھر بہترین کھیلوں کے مواقع میسر ہوں اور باجوڑ سپورٹس کمپلیکس کی رونقیں بحال کی جا سکیں۔محکمہ کھیل و نوجوانان امور خیبرپختونخوا کے ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری سپورٹس و امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا کی ہدایت کی روشنی میں ضلع باجوڑ سمیت تمام قبائلی اضلاع میں کھیلوں کی سہولیات کی بحالی اور فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔









