متحدہ عرب امارات میں ’رضاکارانہ اور سماجی شمولیت کےقومی نظام‘ کا آغاز

دبئی ۔29اکتوبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ’رضاکارانہ اور سماجی شمولیت کا قومی نظام‘ کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد رضاکارانہ خدمات کے اثرات کو بڑھانا، غیر منافع بخش تنظیموں کی معاونت کرنا اور پائیدار ترقی میں ان کے کردار کو مستحکم بنانا ہے۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق شیخ محمد بن راشد …

دبئی ۔29اکتوبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ’رضاکارانہ اور سماجی شمولیت کا قومی نظام‘ کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد رضاکارانہ خدمات کے اثرات کو بڑھانا، غیر منافع بخش تنظیموں کی معاونت کرنا اور پائیدار ترقی میں ان کے کردار کو مستحکم بنانا ہے۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق شیخ محمد بن راشد نے قصر الوطن سے اس قومی نظام کے شروع کئے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکمتِ عملی ملک میں رضاکاروں کی تعداد کو چھ لاکھ تک بڑھانے، ایک متحدہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرانے اور غیر منافع بخش اداروں کے دائرہ کار کو وسیع کرنے پر مشتمل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت ان اداروں کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ کیا جائے گا، جبکہ 100 ملین درہم مالیت کے فنڈ بھی قائم کیا جائے گا جو مختلف سماجی منصوبوں اور تنظیموں کی معاونت کرے گا۔ہمارا مقصد رضاکارانہ خدمات کو آسان بنانا، سماجی شمولیت کو مضبوط کرنا اور دینے کو قومی شناخت کا حصہ بنانا ہے۔ متحدہ عرب امارات ترقی اور خوشحالی کا ملک ہے، لیکن ساتھ ہی سخاوت اور ہمدردی کا بھی۔

ہم ایک ہاتھ سے تعمیر کرتے ہیں اور دوسرے ہاتھ سے دیتے ہیں۔یہ نظام وزارتِ کمیونٹی ایمپاورمنٹ کے تحت آٹھ بڑے اقدامات پر مشتمل ہے، جو رضاکارانہ خدمات کو فروغ دینے اور غیر منافع بخش تنظیموں کو بااختیار بنانے کے لیے دو مربوط جہتوں میں عملدرآمد کیے جائیں گے،یہ اقدام ایجوکیشن، ہیومن ریسورسز اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ کونسل کی سرپرستی میں شروع کیا گیا ہے، جو قومی سطح پر سماجی اقدار، سخاوت اور سماجی ذمے داری کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔اقدامات میں ’نیشنل وولنٹیئرنگ اسٹریٹجی‘ شامل ہے جو ملک بھر میں رضاکارانہ کلچر کو مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔

اسی طرح’’والنٹیئرز ڈاٹ اے ای 2.0‘‘پلیٹ فارم متعارف کرایا جا رہا ہے جو رضاکاروں کی مہارتوں کو دستیاب مواقع سے جوڑے گا اور ان کے لیے ایک جدید، آسان اور مؤثر تجربہ فراہم کرے گا۔مزید برآں’’ 7 ،7 اوور ‘‘نامی مہم کے ذریعے تمام سات امارات میں مہارت پر مبنی رضاکارانہ سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ ’’یوور ٹائم کائو نٹس ‘‘ مہم وفاقی سرکاری اداروں کے ملازمین کو رضاکارانہ خدمات میں شامل ہونے کی ترغیب دے گی۔رضاکارانہ اقدامات کے ساتھ ساتھ غیر منافع بخش تنظیموں کو مضبوط بنانے کے لیے چار ترقیاتی پروگرام بھی شامل کیے گئے ہیں۔

ان میں ’ون سٹاپ شاپ‘ ایک ایسا متحدہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو تمام خدمات اور طریقہ کار کو ایک مربوط نظام میں یکجا کرے گا۔’100 ملین درہم ایمپاورمنٹ فنڈ‘ غیر منافع بخش اداروں کو مالی معاونت فراہم کرے گا تاکہ وہ اپنے منصوبوں کو پائیدار انداز میں آگے بڑھا سکیں۔اسی طرح ’نان پرافٹ سیکٹر لانچ پیڈ‘ ایک انکیوبیٹر کے طور پر کام کرے گا، جو نئے خیالات کو قابلِ عمل اور لائسنس یافتہ تنظیموں میں تبدیل کرنے میں مدد دے گا۔

جبکہ ’پلیگ اِن فار لیڈرشپ پروگرامز‘ نئے رہنماؤں کو تربیت دینے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں غیر منافع بخش اداروں کو مؤثر شراکت دار کے طور پر آگے لے جا سکیں۔منصوبے کے تحت غیر منافع بخش اداروں کا قومی جی ڈی پی میں حصہ دوگنا کرنے، اس سیکٹر میں 10 ہزار نئی ملازمتیں پیدا کرنے اور لائسنس یافتہ تنظیموں کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ کرنے کا ہدف شامل ہے۔