لاہور۔2نومبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور ملک بھر میں تمام صنعتوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پالیسی پر نظر ثانی کی ضرورت ہے ۔ اتوار کو ایک بیان میں انہوں نے میکرو اکنامک اصلاحات کے لیے حکومت کی جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پالیسی کو …
پائیداراقتصادی ترقی کیلئے پالیسی پر نظر ثانی کی ضرورت ہے،افتخار علی ملک

مزید خبریں
لاہور۔2نومبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور ملک بھر میں تمام صنعتوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پالیسی پر نظر ثانی کی ضرورت ہے ۔ اتوار کو ایک بیان میں انہوں نے میکرو اکنامک اصلاحات کے لیے حکومت کی جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پالیسی کو کاروبار کرنے میں آسانی، برآمدات کے فروغ اور صنعتی روابط کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہونا چاہیے،تنظیم نو اور منصفانہ و جامع اقتصادی ڈھانچے سے نہ صرف متوازن ترقی ممکن ہو گی بلکہ ملک خود انحصاری، معاشی لچک اور سماجی خوشحالی کی راہ پر بھی گامزن ہو گا۔
افتخار علی ملک نے کہا کہ منصفانہ مسابقت، شفافیت اور پالیسیوں میں تسلسل سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنے اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملتی ہے،ہمارے صنعتی شعبے میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں، تاہم غیر مساوی مراعات، غیر ضروری رکاوٹیں اور ٹیکسوں کے متضاد فریم ورک سے مسابقتی پیداواری صلاحیت متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے ایسی یکساں پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیا جو طویل مدتی اقتصادی استحکام کے حصول کے لیے جدت، جدید کاری اور برآمدی تنوع کو فروغ دینے میں معاون ہوں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو کریڈٹ تک آسان رسائی، ٹیکس میں ریلیف اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے پروگراموں کے ذریعے ترجیح دی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ اصلاحاتی اقدامات میں حکومت کے ساتھ شراکت کے لیے تیار ہے بشرطیکہ پالیسیاں مستحکم، پروگریسو اور جانبداری سے پاک ہوں۔








