تاجر ملکی معیشت کی مضبوط بنیاد ہیں ، روزگار کے مواقع پیداکرتے ہیں،رانا عمران

سیالکوٹ۔ 03 نومبر (اے پی پی):نو منتخب صدر انجمن تاجران رانا عمران نے کہا کہ سیالکوٹ کے تاجر نہ صرف ملکی معیشت کی مضبوط بنیاد ہیں بلکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں،تاجر برادری کو متحد رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ اتحاد ہی کامیابی کی ضمانت ہے،حکومتِ پنجاب ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے بڑھا کر مرکزی قیادت کی سر پرستی میں پارکنگ، تجاوزات، ٹریفک، …

سیالکوٹ۔ 03 نومبر (اے پی پی):نو منتخب صدر انجمن تاجران رانا عمران نے کہا کہ سیالکوٹ کے تاجر نہ صرف ملکی معیشت کی مضبوط بنیاد ہیں بلکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں،تاجر برادری کو متحد رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ اتحاد ہی کامیابی کی ضمانت ہے،حکومتِ پنجاب ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے بڑھا کر مرکزی قیادت کی سر پرستی میں پارکنگ، تجاوزات، ٹریفک، صفائی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ کی معروف تجارتی تنظیم انجمن تاجران مولوی اِبراہیم بازار کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں تاجرتنظیمی عہدیداران مختلف تجارتی شخصیات نے بھر پور شرکت کی ۔

نو منتخب صدر نے مزید کہا کہ وہ اپنے عہدے کو خدمت کا موقع سمجھتے ہیں اور بازار کے ہر تاجر کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ رانا عمران نے وعدہ کیا کہ بازار کے اندر سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے، لائٹس کا مناسب بندوبست کیا جائیگا جبکہ خریداروں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جائے گی۔تقریب میں نائب صدر، جنرل سیکرٹری، فنانس سیکرٹری اور دیگر عہدیداران نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی قیادت تاجر برادری کے اعتماد پر پورا اُترے گی اور تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔ مقررین نے کہا کہ سیالکوٹ کے تاجر ہمیشہ ایمانداری، دیانت اور باہمی احترام کے ساتھ کاروبار کرتے آئے ہیں اور یہی اوصاف شہر کی ترقی کی بنیاد ہیں۔

تقریب کے اختتام پر اجتماعی دعا کی گئی شرکاء نے نئی قیادت کو پھولوں کے ہار پہنائے اور مبارکباد پیش کی جبکہ تاجروں نے اُمید ظاہر کی کہ رانا عمران کی قیادت میں مولوی اِبراہیم بازار ترقی و اتحاد کی نئی مثال قائم کرے گا،انجمن تاجران مولوی اِبراہیم بازار تاجروں کے حقوق کے تحفظ، کاروباری استحکام اور مسائل کے حل کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

مزید خبریں