علامہ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، حریتِ فکر اور بیداریِ ملت کا شعور اجاگر کیا، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ ایک عظیم مفکر اور شاعر تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، حریتِ فکر اور بیداریِ ملت کا شعور اجاگر کیا۔شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اُن کی شاعری نے غلامی کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے مسلمانوں …

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ ایک عظیم مفکر اور شاعر تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، حریتِ فکر اور بیداریِ ملت کا شعور اجاگر کیا۔شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اُن کی شاعری نے غلامی کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے مسلمانوں کے دلوں میں نئی روح پھونکی اور اُنہیں ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد پر آمادہ کیا۔

اقبالؒ نے ہمیں یہ سبق دیا کہ ایمان، عمل اور عشقِ رسول ﷺ ہی انسان کی اصل طاقت اور کامیابی کا زینہ ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کا تصورِ پاکستان دراصل ایک ایسے معاشرے کا تصور تھا جو عدل، مساوات، برداشت اور علم کی بنیاد پر استوار ہو۔ اُنہوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں نوجوان نسل کو اپنی خودی پہچاننے، دنیا میں قیادت کا کردار ادا کرنے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے سرگرم رہنے کا پیغام دیا۔

آج کے دور میں جب ہم مختلف چیلنجز سے دوچار ہیں، اقبالؒ کی تعلیمات ہمیں رہنمائی فراہم کرتی ہیں کہ ہم اجتماعی مفاد، قومی یکجہتی اور ترقی کے راستے پر گامزن ہوں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اقبالؒ کا پیغام ابدی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان اقبالؒ کے نظریات کی ترویج اور اُن کے خوابوں کے مطابق پاکستان کو ایک جدید، خوشحال اور باوقار اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی۔