اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوےمحمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان علامہ اقبال کے خواب اور وژن کی تعبیر ہے،اقبال وہ عظیم فلسفی تھے جنہوں نے قوموں کو جگایا اور انہیں سوچنے، جینے اور خود پر یقین رکھنے کا درس دیا،پاکستان کو درپیش تمام موجودہ مسائل کا حل اقبال کے فلسفے میں پوشیدہ ہے،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان اب خطے …
پاکستان علامہ اقبال کے خواب اور وژن کی تعبیر ہے،ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل اقبال کے فلسفے میں پوشیدہ ہے،وفاقی وزیر حنیف عباسی

مزید خبریں
اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوےمحمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان علامہ اقبال کے خواب اور وژن کی تعبیر ہے،اقبال وہ عظیم فلسفی تھے جنہوں نے قوموں کو جگایا اور انہیں سوچنے، جینے اور خود پر یقین رکھنے کا درس دیا،پاکستان کو درپیش تمام موجودہ مسائل کا حل اقبال کے فلسفے میں پوشیدہ ہے،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان اب خطے کا ایک اہم ملک بن کر ابھرا ہے۔
وہ ہفتہ کواقبال ڈے کی مناسبت سے نظریہ پاکستان کونسل، پاکستان کلچرل فورم اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے زیرِاہتمام ایس ایم منیر آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کی میزبانی صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود اور صدر پاکستان کلچرل فورم احسن ظفر بختاوری نے کی۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ آج دنیا بھر میں "پاکستان زندہ باد” کا نعرہ گونج رہا ہے کیونکہ پاکستان نے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا ہے، اگر ہم اقبال کے تصورِ خودی کو اپنی سوچ، عمل اور قومی پالیسیوں کا حصہ بنا لیں تو ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں،اقبال نے نوجوانوں کو عالی ہمت، مضبوط اور مقصد پر قائم رہنے والےشاہین قرار دیا۔انہوں نے قوم کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے بھارتی طیاروں کو مار گرایا اور وطن کا دفاع کیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اسلام آباد–ایران–استنبول ٹرین سروس 31 دسمبر 2025 سے شروع ہوگی اور کاروباری برادری سے اس کی کامیابی میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی قازقستان سے افغانستان اور چمن تک ٹرین سروسز بھی شروع ہوں گی جبکہ چاغی–نوکنڈی–کراچی ریلوے ٹریک منصوبہ بھی آگے بڑھ رہا ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ امید اور فکر اقبال کے پیغام کا جوہر ہیں،نوجوانوں کو خودی کے فلسفے کو سمجھ کر محنت، عزم اور مضبوط کردار کے ساتھ ملک کی ترقی میں حصہ لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آج معاشی استحکام، شفاف طرزِ حکمرانی اور سماجی ہم آہنگی کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔اس موقع پرپاکستان کلچرل فورم کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین قرار دیا۔ اگر آج کے نوجوانوں میں خودی اور صحیح سمت پیدا کر دی جائے تو وہ ہر منزل پا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر حنیف عباسی خود اس کی عملی مثال ہیں جو راولپنڈی کی گلیوں سے سفر شروع کر کے خود اعتمادی اور عزم سے قومی اسمبلی کے رکن اور وزیر بنے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی قومی حیثیت بہت اہم ہے اور پاکستان کو وسط ایشیا اور ترکیہ سے مستقل ریلوے رابطہ قائم کرنا چاہیے تاکہ ملک علاقائی تجارت کا مرکز بنے۔
انہوں نے اسلام آباد سے کراچی اور پشاور تک نئی پٹریوں پر کارگو ٹرین چلانے کی تجویز دی تاکہ ایندھن کی بچت اور کارکردگی بہتر ہو۔انہوں نے کہا کہ خودی کے ساتھ ساتھ قربانی کا فلسفہ بھی ضروری ہے۔ پاکستان داخلی و خارجی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے لیکن ہمارے شاہین ہر دشمن کو تاریخی جواب دے رہے ہیں۔ اگر امت مسلمہ اقبال کے وژن کے تحت پاکستان کے مرکز میں متحد ہو جائے تو پاکستان کی قیادت قوم اور امت کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کے بجائے بہتر طرز حکمرانی کے لیے انتظامی یونٹ تشکیل دیے جائیں اور این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبے وفاقی ترقی میں پنجاب 20 فیصد، سندھ 15 فیصد، خیبر پختونخوا 10 فیصد اور بلوچستان 5 فیصد حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو مایوسی چھوڑ کر یکجہتی، استحکام اور ترقی کے لیے متحد ہو جانا چاہیے۔ “آئیے اس اقبال ڈے پر عہد کریں کہ اقبال کے خواب کے مطابق آنے والی نسلوں کے لیے خوشحال اور محفوظ پاکستان بنائیں۔
جس طرح ہماری مسلح افواج سرحدوں کا دفاع کرتی ہیں ہمیں بھی نظریاتی سرحدوں کا دفاع کرنا ہوگا۔ ان شاء اللہ یہ چیلنجز جلد ختم ہوں گے اور پاکستان سرخرو ہوگا۔سابق کمشنر طارق پیرزادہ نے کہا کہ اقبال کی عظمت اُن کی محبتِ رسولؐ سے تھی۔ اقبال سچے عاشقِ رسول تھے اور اسلام کی روح حضور ﷺ کی ذاتِ اقدس ہے۔ آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے کہا کہ اگر ہم اقبال کے فلسفۂ خودی پر عمل کریں تو قوم کو دنیا کی عزت دار اقوام میں شامل کر سکتے ہیں








