بین الاقوامی اسپیکرز کانفرنس پارلیمانی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگی،عبدالخالق خان اچکزئی

کوئٹہ۔ 08 نومبر (اے پی پی):بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر عبدالخالق خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی اسپیکرز کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہورہی ہے، جو ہمارے پارلیمانی نظام کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے اسپیکرز اور مختلف ممالک سے تشریف لانے والے مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی موقع پارلیمانی تعاون کے فروغ، مکالمے …

کوئٹہ۔ 08 نومبر (اے پی پی):بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر عبدالخالق خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی اسپیکرز کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہورہی ہے، جو ہمارے پارلیمانی نظام کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے اسپیکرز اور مختلف ممالک سے تشریف لانے والے مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی موقع پارلیمانی تعاون کے فروغ، مکالمے کے استحکام اور جمہوری اداروں کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے نئے راستے کھولے گا۔

اسپیکر نے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے شرکاء کو بہترین مواقع میسر آئیں گے جہاں وہ اپنے تجربات، خیالات اور سفارشات کا تبادلہ کرسکیں گے، جس سے نہ صرف جمہوری اداروں کو تقویت ملے گی بلکہ بہتر طرزِ حکمرانی اور شفافیت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان بہتر طرز حکمرانی، شفافیت اور عوامی فلاح کے لیے اجتماعی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ اسپیکر نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ بلوچستان اسمبلی قومی اسمبلی، سینیٹ اور تمام صوبائی اسمبلیوں کے ساتھ مل کر اس اہم بین الاقوامی کاوش کا حصہ ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ یہ کانفرنس پارلیمانی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔