اقوام متحدہ کی کمیٹی نے تخفیف اسلحہ سے متعلق پاکستان کی پیش کردہ 4 قراردادیں منظور کر لیں

اقوام متحدہ۔9نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ایک اہم کمیٹی نے تخفیف اسلحہ سے متعلق پاکستان کی جانب سے پیش کردہ 4 قراردادیں منظور کر لی ہیں جو علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو مضبوط بنانے کے مقصد کے تحت پیش کی گئیں، یہ اقدام پاکستان کے پائیدار امن کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔193 رکن ممالک پر مشتمل کمیٹی برائے تخفیف اسلحہ و بین الاقوامی …

اقوام متحدہ۔9نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ایک اہم کمیٹی نے تخفیف اسلحہ سے متعلق پاکستان کی جانب سے پیش کردہ 4 قراردادیں منظور کر لی ہیں جو علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو مضبوط بنانے کے مقصد کے تحت پیش کی گئیں، یہ اقدام پاکستان کے پائیدار امن کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔193 رکن ممالک پر مشتمل کمیٹی برائے تخفیف اسلحہ و بین الاقوامی سلامتی نے دو قراردادوں کو متفقہ طور پر منظور کیا۔

ان قراردادوں میں ’’علاقائی تخفیف اسلحہ ‘‘ اور ’’علاقائی اور ذیلی علاقائی سطح پر اعتماد سازی کے اقدامات ‘‘ شامل ہیں جبکہ ’’غیر ایٹمی ریاستوں کو ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال یا استعمال کی دھمکی سے بچانے کے مؤثر بین الاقوامی انتظامات کی تشکیل‘‘ اور ’’علاقائی اور ذیلی علاقائی سطح پر روایتی اسلحے کے کنٹرول‘‘ کی قراردادیں واضح اکثریت سے منظور کی گئیں۔ان قراردادوں کے متن آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے باضابطہ توثیق کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کے مطابق گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان ایٹمی تخفیف اسلحہ، علاقائی تخفیف، روایتی اسلحے کے کنٹرول اور اعتماد سازی کے اقدامات کو فروغ دینے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔

ان قراردادوں کی منظوری اس بات کی توثیق کرتی ہے کہ عالمی برادری سلامتی کی منفی ضمانتوں اور علاقائی سطح پر تخفیف اسلحہ اور ہتھیاروں کے کنٹرول کی کوششوں کو کتنی اہمیت دیتی ہے۔اقوام متحدہ میں موجود سفارتکاروں نے پاکستان کی ان پہل کاریوں کو سراہا اور امن کے فروغ میں اس کے کردار کو قابل تحسین قرار دیا۔