فاصلاتی نظامِ تعلیم کی اہمیت روز بروز بڑھ رہی ہے ، طلبا کو جدید تعلیم کے حصول کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں،وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

شیخوپورہ/اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل کیمپس شیخوپورہ کا باضابطہ افتتاح کیا۔تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود، یونیورسٹی کے افسران، اساتذہ، طلبہ اور مقامی معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ فاصلاتی نظامِ تعلیم کی اہمیت وقت کے ساتھ بڑھتی جا …

شیخوپورہ/اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل کیمپس شیخوپورہ کا باضابطہ افتتاح کیا۔تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود، یونیورسٹی کے افسران، اساتذہ، طلبہ اور مقامی معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ فاصلاتی نظامِ تعلیم کی اہمیت وقت کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووِڈ-19 کے دوران اس نظام کی افادیت پوری دنیا پر واضح ہوئی اور یہی وجہ ہے کہ آج علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی انرولمنٹ 12 لاکھ طلبہ تک جا پہنچی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی متحرک قیادت میں گزشتہ چند برسوں کے دوران غیر معمولی ترقی کی منازل طے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، ہماری پالیسیوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور ہم آئی ایم ایف پر انحصار کم کرنے کی سمت کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

رانا تنویر حسین نے اس موقع پر شیخوپورہ ریجن میں کمپیوٹر کلاسز شروع کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں وائس چانسلر سے درخواست کرتا ہوں کہ یہاں اس کیمپس میں کمپیوٹر کلاسز بھی شروع کرائی جائیں تاکہ طلبہ کی تعداد میں مزید اضافہ ہو اور نوجوانوں کو جدید تعلیم کے مواقع میسر آئیں۔انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کے اس ریجن کے قیام سے یہاں کے بچوں، بالخصوص بچیوں کو تعلیم کے حصول میں غیر معمولی سہولت حاصل ہو گی جو ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ شیخوپورہ میں یونیورسٹی کے طلبہ کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر چکی ہےجو یونیورسٹی کی فراہم کردہ سہولتوں کی نسبت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا مقصد ہے کہ اس علاقے کا ہر بچہ زیورِ تعلیم سے آراستہ ہو اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی سہولتوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔