سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے قطری سپیکر حسن بن عبداللہ الغانم کی سربراہی میں پارلیمانی وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے قطر کے سپیکر حسن بن عبداللہ الغانم کی سربراہی میں بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لئے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے پارلیمانی وفد نے پیر کی شام ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا …

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے قطر کے سپیکر حسن بن عبداللہ الغانم کی سربراہی میں بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لئے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے پارلیمانی وفد نے پیر کی شام ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے عوام مذہب، ثقافت اور باہمی احترام کے دیرینہ رشتوں میں منسلک ہیں۔ سپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سطح پر روابط میں اضافہ باہمی تعلقات کو نئی وسعت دے گا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین تعاون خطے میں استحکام، امن اور ترقی کا ضامن بن سکتا ہے۔ انہوں نے قطری پارلیمان کے فعال کردار، دور اندیش قیادت اور سفارتی بصیرت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قطر امتِ مسلمہ میں امن، استحکام اور سفارتکاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے اسرائیل کی جانب سے قطر پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جارحیت مسلم اُمّہ کے اجتماعی وقار اور خودمختاری پر حملے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلم ممالک کے درمیان اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے اور تمام اسلامی ممالک کو عالمی فورمز پر مشترکہ اور مؤثر مؤقف اپنانا چاہئے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے تعلقات بھائی چارے، باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتے موجود ہیں جنہیں مزید مضبوط بنانے کے لئے پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ سرمایہ کاری، تجارت، تعلیم اور ثقافتی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلے کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین قطری شوریٰ کونسل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔قطر کے سپیکر حسن بن عبداللہ الغانم نے پاکستان کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کی مذمت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا واضح، اصولی اور جرأت مندانہ مؤقف قابلِ تحسین ہے۔ سپیکر قطر نے مسلم اُمّہ کے اتحاد کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ فلسطین اور قطر کے عوام پاکستان کے جذبہ یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قطر، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ سپیکر قطر نے پاکستان کے عالمی فورمز پر امن، انصاف اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے کردار کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے عوامی اور پارلیمانی روابط میں اضافہ خطے میں امن و ترقی کا باعث بنے گا۔قطر کے سپیکر نے پاکستانی پارلیمان اور عوام کے لئے نیک تمناؤں، خیرسگالی اور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔