پاکستان کسٹمزکراچی نے سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، مزاحمت کے باوجود کروڑوں روپے مالیت کا کپڑا ضبط

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کراچی نے سندھ رینجرز اور سندھ پولیس کے تعاون سے کروڑوں روپے مالیت کے غیر ملکی کپڑے کی سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مصدقہ خفیہ اطلاع پر 9 اور 10 نومبر 2025 کی درمیانی شب اینٹی سمگلنگ آرگنائزیشن کی اسسٹنٹ کلکٹر بسمہ نور جتوئی کی نگرانی میں مشترکہ آپریشن کیا گیا۔ …

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کراچی نے سندھ رینجرز اور سندھ پولیس کے تعاون سے کروڑوں روپے مالیت کے غیر ملکی کپڑے کی سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مصدقہ خفیہ اطلاع پر 9 اور 10 نومبر 2025 کی درمیانی شب اینٹی سمگلنگ آرگنائزیشن کی اسسٹنٹ کلکٹر بسمہ نور جتوئی کی نگرانی میں مشترکہ آپریشن کیا گیا۔

انفورسمنٹ ٹیموں نے کراچی کے علاقے طارق روڈ پر متعدد گوداموں پر چھاپے مارے جہاں بھاری مقدار میں سمگل شدہ کپڑا غیر قانونی طور پر چھپایا گیا تھا۔آپریشن کے دوران تقریباً 200 سے 300 افراد پر مشتمل ہجوم نے پرتشدد مزاحمت کی جس کے دوران پتھراؤ کیا گیا خالی ٹرکوں کو آگ لگا ئی گئی اور سرکاری کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی ۔ اس کشیدہ اور پرتشدد صورت حال کے باوجود پاکستان کسٹمز، رینجرز اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے انتہائی نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کارروائی کو بخیر و خوبی مکمل کیا۔

آپریشن کے دوران 22 مزدا ٹرک اور 40 فٹ کا ایک کنٹینر ، جن میں اسمگل شدہ کپڑا لدا ہوا تھا، ضبط کر لیا گیا ہے۔ ضبط شدہ مال کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت ضبط شدہ مال اور ٹرکوں کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی سمگلنگ آرگنائزیشن کے گودام میں منتقل کر دیا گیا ہے۔فیروز آباد تھانے میں گرفتار افراد اور دیگر نامعلوم ملزمان کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ اورتعزیرات پاکستان کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کراچی انفورسمنٹ ٹیم کی کامیاب کارروائی کو سراتے ہوئے انسداد سمگلنگ کی کاروائیوں میں سندھ رینجرز و سندھ پولیس کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا ہے ۔ ایف بی آر نے اسمگلنگ کے خلاف جنگ جاری رکھنے ، قومی محصولات کا تحفظ کرنے اور پاکستان بھر میں قانونی و جائز تجارت کو فروغ دینے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔