سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی مذمت ، ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس سی بی اے پی) کے صدر ہارون الرشید، سیکرٹری ملک زاہد اسلم اعوان اور دیگر عہدیداران نے اسلام آباد کے علاقہ جی-11 میں ضلعی عدالتوں کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایس سی بی اے پی کے اعلامیہ کے مطابق اس افسوسناک واقعہ میں جاں بحق والوں میں ایس سی بی اے …

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس سی بی اے پی) کے صدر ہارون الرشید، سیکرٹری ملک زاہد اسلم اعوان اور دیگر عہدیداران نے اسلام آباد کے علاقہ جی-11 میں ضلعی عدالتوں کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایس سی بی اے پی کے اعلامیہ کے مطابق اس افسوسناک واقعہ میں جاں بحق والوں میں ایس سی بی اے پی کے رکن ایڈووکیٹ زبیر اسلم گھمن ولد چوہدری محمد اسلم گھمن (سابق ایڈیشنل سیکرٹری) بھی شامل ہیں۔

سپریم کورٹ بار کے صدر، سیکرٹری اور کابینہ اراکین نے زبیر اسلم گھمن ایڈووکیٹ اور دیگر شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ دہشت گردی کی ایک انتہائی بزدلانہ اور المناک کارروائی ہے جس نے پوری وکلا برادری اور قوم کو غمزدہ کر دیا ہے۔صدر ہارون الرشید نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے قلب میں اس نوعیت کا خودکش حملہ نہ صرف وکلا برادری بلکہ عام شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے بھی سنگین خدشات پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں تاہم ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ناگزیر ہے جو ملک کے امن کو تباہ کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ اس وحشیانہ فعل کے ذمہ داروں کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور وفاقی حکومت و قانون نافذ کرنے والے ادارے وکلاء برادری سمیت عام شہریوں کے تحفظ کے لئے مؤثر اور پائیدار اقدامات کریں تاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات کی روک تھام ہو سکے۔اعلامیہ کے آخر میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے شہداکے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔