راولپنڈی۔ 11 نومبر (اے پی پی):قومی ادارہ برائے لوک و روایتی ورثہ (لوک ورثہ) کے زیرِ اہتمام جاری سالانہ لوک میلہ 2025 میں آج امریکی نگران سفیر نٹالی بیکر نے پنجاب پویلین کا دورہ کیا۔پنجاب پویلین آمد پر نٹالی بیکر کا پرتپاک استقبال غلام صغیر شاہد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس(پکار)، محمد شکور، ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی اور کونسل کے دیگر عملے نے کیا۔ نٹالی بیکر نے …
قومی ادارہ برائے لوک و روایتی ورثہ (لوک ورثہ) کے زیرِ اہتمام سالانہ لوک میلہ جاری

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 11 نومبر (اے پی پی):قومی ادارہ برائے لوک و روایتی ورثہ (لوک ورثہ) کے زیرِ اہتمام جاری سالانہ لوک میلہ 2025 میں آج امریکی نگران سفیر نٹالی بیکر نے پنجاب پویلین کا دورہ کیا۔پنجاب پویلین آمد پر نٹالی بیکر کا پرتپاک استقبال غلام صغیر شاہد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس(پکار)، محمد شکور، ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی اور کونسل کے دیگر عملے نے کیا۔
نٹالی بیکر نے پنجاب پویلین میں مختلف دستکاریوں، لوک موسیقی، روایتی کھانوں اور فنونِ لطیفہ کے سٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا اور ہنرمندوں سے تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محترمہ نٹالی بیکر نے پنجاب کی ثقافت پاکستان کے خوبصورت ورثے کی عکاس ہے۔ یہاں کے فنکاروں کی مہارت، دستکاریوں کی نفاست اور موسیقی کی دلکشی پاکستان کے مثبت اور متنوع چہرے کو دنیا کے سامنے پیش کرتی ہے، میں خاص طور پر پنجاب آرٹس کونسل کی اُن کوششوں کو سراہتی ہوں جو وہ نوجوان نسل کو روایتی فنون سے جوڑے رکھنے کے لیے کر رہی ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس غلام صغیر شاہد نے کہا کہ پنجاب کونسل آف دی آرٹس، حکومتِ پنجاب کے تعاون سے صوبے کے ہر کونے میں ثقافت، فنون اور روایتی ہنر کے فروغ کے لیے کوشاں ہے، ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہم اپنے لوک ورثے کو زندہ رکھیں اور نوجوانوں کو اس سے وابستہ مواقع فراہم کریں، لوک میلہ 2025 اسی سلسلے کی ایک مضبوط کڑی ہے۔
پنجاب پویلین اپنی دلکش تزئین و آرائش اور ثقافتی نمائندگی کے باعث میلے کا مرکزِ نگاہ بنا ہوا ہے، یہ پویلین ملتانی طرزِ تعمیر سے متاثرہ عمارت پر مشتمل ہے، جہاں نیلی مٹی کے برتن، پھلکاری کڑھائی، اونٹ کی کھال کے چراغ، لکڑی کا کام، منی ایچر پینٹنگز اور روایتی موسیقی کے آلات پیش کیے جا رہے ہیں۔پویلین میں آنے والے مہمان پنجاب کے فنون اور روایات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں جبکہ لوک گیتوں اور صوفیانہ دھنوں نے فضا کو مسحور کن بنا دیا ہے۔ پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے زیرِ انتظام اس پویلین نے صوبے کے حقیقی ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔








