پاکستان روس کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور پارلیمانی تعاون کے شعبوں میں اشتراکِ عمل کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے،سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لئے آئے ہوئے روسی اسٹیٹ ڈوما کے ڈپٹی چیئرمین الیگزینڈر باباکوف نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک–روس تعلقات، پارلیمانی تعاون، علاقائی استحکام اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے بڑھتے …

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لئے آئے ہوئے روسی اسٹیٹ ڈوما کے ڈپٹی چیئرمین الیگزینڈر باباکوف نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک–روس تعلقات، پارلیمانی تعاون، علاقائی استحکام اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے بڑھتے ہوئے پاک–روس تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں روسی قیادت سے ہونے والی ملاقات پاک–روس تعلقات میں مثبت پیش رفت کا نقطہ آغاز ثابت ہوئی۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے امید ظاہر کی کہ روس–یوکرین تنازعہ کا پرامن اور پائیدار حل نکالا جائے گا تاکہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، باہمی تعاون اور تنازعات کے مذاکراتی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔بھارتی جارحیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 7 طیارے مار گرائے جس سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور عزم کا اظہار ہوتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور پارلیمانی تعاون کے شعبوں میں اشتراکِ عمل کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے 2024 میں اپنے روسی دورے کو یادگار اور خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے نے دوطرفہ تعلقات میں نئی جہتیں متعارف کرائیں۔روسی اسٹیٹ ڈوما کے ڈپٹی چیئرمین الیگزینڈر باباکوف نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان کے متوازن، حقیقت پسندانہ اور ذمہ دارانہ مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہئے۔الیگزینڈر باباکوف نے کہا کہ کثیرالجہتی عالمی نظام اس وقت خطرات سے دوچار ہے اور دنیا کو توازن، انصاف اور تعاون پر مبنی رویہ اپنانا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی میزبانی روس کرے گا۔دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی روابط کے فروغ، اقتصادی تعاون میں اضافے اور علاقائی امن و استحکام کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔