اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے متعلقہ حکام کے ساتھ مربوط کوششوں اور فعال تعاون کے ذریعے وفاقی دارالحکومت کے تمام کاروباری مراکز کو ماڈل بزنس ہب میں تبدیل کرنے کے لئے چیمبر کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے، اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے …
اسلام آباد میں کاروبار دوست ماحول کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں، سردار طاہر محمود
اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے متعلقہ حکام کے ساتھ مربوط کوششوں اور فعال تعاون کے ذریعے وفاقی دارالحکومت کے تمام کاروباری مراکز کو ماڈل بزنس ہب میں تبدیل کرنے کے لئے چیمبر کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے، اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا کہ چیمبر اسلام آباد میں جدید اور کاروبار دوست ماحول کو یقینی بنانے کے لئے تجاوزات، سیکیورٹی، سٹرکچرل اپ گریڈیشن، پارکنگ، صفائی، سیوریج اور سٹریٹ لائٹنگ سمیت اہم مسائل کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (TWA) F-8 مرکز کے ایک بڑے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے چیمبر کے جنرل سیکرٹری اسماعیل خان کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔
سردار طاہر محمود نے مارکیٹ کے نمائندوں کی مسلسل حمایت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے آئی سی سی آئی کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر نے پہلے ہی F-8 مرکز کو درپیش چیلنجز کے حل کے لئے فعال طور کردار ادا کر رہا ہے جس میں خاص طور پر ایک صاف ستھرے، قابل رسائی اور متحرک کمرشل ایریا کو یقینی بنانے کے لئے تجاوزات اور باؤنڈری باڑ کو ہٹانا شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے متعلقہ محکموں کے ساتھ کئی میٹنگیں کی ہیں اور تمام غیر قانونی تعمیرات اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات شروع کر رکھے ہیں۔ہمارا اجتماعی مقصد F-8 مرکز کی حقیقی تجارتی شناخت کو بحال کرنا اور اسے ایک محفوظ، منظم اور مثالی کاروباری مرکز بنانا ہے۔سیکیورٹی کے معاملے پر آئی سی سی آئی کے صدر نے وفد کو بتایا کہ مقامی پولیس نے متعلقہ ٹی ڈبلیو اے کے ساتھ مل کر تاجروں اور گاہکوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے متعدد کومبنگ اور سرچ آپریشن کئے ہیں۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ آئی سی سی آئی کے سابق صدر احسن ظفر بختاوری کے تعاون سے ایک فلٹریشن پلانٹ پہلے ہی نصب کیا جا چکا ہے جبکہ دوسرا ایک ماہ میں مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کے کاروباری برادری کی چوبیس گھنٹے خدمت کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد، تعاون اور باہمی اعتماد کے ساتھ، ہم F-8 مرکز کو اسلام آباد کی دیگر تمام مارکیٹوں کے لئے ایک رول ماڈل بنائیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر نے تاجروں کو آئی سی سی آئی کی جانب سے شہر بھر میں کاروبار کرنے میں آسانی کے ماحول کو فروغ دینے کے لئے مسلسل کوششوں کا یقین دلایا۔ نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے کہا کہ تاجروں کے مسائل کو حل کرنا چیمبر کی اولین ترجیحات میں شامل رہے گا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن بلیو ایریا یوسف راجپوت اور صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے سردار طاہر محمود کی لگن اور متحرک قیادت کو سراہا۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ان کا دور صدارت مثالی ثابت ہو گا۔ جنرل سیکرٹری TWA F-8 اسماعیل خان، سینئر نائب صدر سعید خان سواتی، نائب صدر محمد عثمان، ملک عارف اور دیگر مقررین نے بھی آئی سی سی آئی کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے چیمبر کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا اور حکام بالخصوص کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) پر زور دیا کہ وہ تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران ملک عبدالعزیز، ذوالقرنین عباسی، عمر خیام عباسی، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری اور دیگر بھی موجود تھے۔









