چینی وفد کا لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ،صنعتی تعاون کے فروغ پر بات چیت

لاہور۔12نومبر (اے پی پی):چین کے پانچ رکنی وفد نے ہوئی ژو ہونگہائی انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کے سی ای او پیٹرک ژینگ کی قیادت میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ وفد نے لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل سے ملاقات کی جس میں مشترکہ منصوبوں، بزنس ٹو بزنس تعاون اور صنعتی شراکت داری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔پیٹرک ژینگ، جو ژینگ جیا انٹرنیشنل گروپ کے …

لاہور۔12نومبر (اے پی پی):چین کے پانچ رکنی وفد نے ہوئی ژو ہونگہائی انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کے سی ای او پیٹرک ژینگ کی قیادت میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ وفد نے لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل سے ملاقات کی جس میں مشترکہ منصوبوں، بزنس ٹو بزنس تعاون اور صنعتی شراکت داری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔پیٹرک ژینگ، جو ژینگ جیا انٹرنیشنل گروپ کے ایگزیکٹو نائب صدر بھی ہیں، نے اپنی کمپنی کے صنعتی پارکوں کی ترقی، وہیکل مینوفیکچرنگ، اور لیتھیم بیٹری کی پیداوار کے تجربات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی کاروباری اداروں کے ساتھ ان شعبوں میں شراکت داری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے معاشی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کی صنعتی اور انفراسٹرکچر ترقی میں کلیدی شراکت دار رہا ہے۔ فہیم الرحمن سہگل نے یقین دلایا کہ لاہور چیمبر کاروباری روابط کو فروغ دینے، مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرنے، اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔لاہور چیمبر کے نائب صدر خرم لودھی نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا اور قابلِ اعتماد تجارتی شراکت دار ہے، اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی بے مثال ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیٹرک ژینگ اور ان کی ٹیم کا یہ دورہ مینوفیکچرنگ، رینیو ایبل انرجی، اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں عملی تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان افتخار احمد اور عامر علی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور بزنس ٹو بزنس تعلقات کو فروغ دے کر پاک چین معاشی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔