پہلی بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹ کانفرنس باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر

کراچی۔12نومبر (اے پی پی):پاکستان میں منعقد ہونے والی پہلی انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹ کانفرنس اینڈ ایکسپو 2025 بدھ کو کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی ۔کانفرنس میں شریک ماہرین اور نمائندوں نے کیپٹل مارکیٹ کے باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے، مارکیٹوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور مختلف ممالک کے مابین علم و تجربے کے تبادلے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بدھ کو یہاں ایس ای سی پی کی جانب …

کراچی۔12نومبر (اے پی پی):پاکستان میں منعقد ہونے والی پہلی انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹ کانفرنس اینڈ ایکسپو 2025 بدھ کو کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی ۔کانفرنس میں شریک ماہرین اور نمائندوں نے کیپٹل مارکیٹ کے باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے، مارکیٹوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور مختلف ممالک کے مابین علم و تجربے کے تبادلے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بدھ کو یہاں ایس ای سی پی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ دو روزہ کانفرنس سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) نے کیپٹل مارکیٹ انفراسٹرکچر انسٹی ٹیوشنز کے اشتراک سے منعقد کی جس میں آذربائیجان، بنگلہ دیش، چین، ایران، امریکا اور پاکستان کے ریگولیٹرز، پالیسی ساز، ماہرینِ تعلیم اور مارکیٹ پریکٹیشنرز نے شرکت کی۔یہ فورم علاقائی انضمام، ڈیجیٹلائزیشن، کموڈٹیز مارکیٹس اور پنشن اصلاحات سمیت کیپٹل مارکیٹس کے فروغ پر بامعنی مکالمے کا پلیٹ فارم ثابت ہوا جس نے ایک زیادہ مربوط اور مضبوط مالیاتی نظام کے وژن کو تقویت دی۔

کانفرنس کا ایک اہم لمحہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منعقدہ گونگ تقریب تھی جو شریک ممالک کے درمیان تعاون اور روابط کی علامت تھی۔ ملکی و غیر ملکی مندوبین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے فورمز سرحد پار تعلقات کو مضبوط بنانے اور علاقائی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

کانفرنس میں اسلامی مالیات کے کردار پر ایک اعلیٰ سطحی پینل ڈسکشن بھی منعقد ہوئی جس میں ماہرین نے قانون سازی میں اصلاحات، استعدادِ کار میں اضافے اور متحدہ شریعت سکریننگ فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا۔پینل ارکان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریٹیل سرمایہ کاروں کی شمولیت بڑھائی جائے اور اخلاقی سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق آگاہی کو فروغ دیا جائے۔ت

قریبات کے دوران ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس پر تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی گئی جس میں پاکستان میں اس شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری کے افق کو وسعت دینے کے امکانات اور ایک مضبوط ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل میں ایس ای سی پی کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔

اختتامی اجلاس میں ایران کی شریعہ کمیٹی کے چیئرمین آیت اللہ ڈاکٹر غلام رضا مصباحی مقدم نے کلیدی خطاب کیا جس میں انہوں نے اسلامی مالیات کو اپنانے اور علاقائی تعاون کے فروغ پر گہرے خیالات پیش کئے۔کانفرنس کے اختتام پر پاکستان سٹاک ایکسچینج کے سی ای او نے ایس ای سی پی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے فورمز نہ صرف باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہیں بلکہ سرحد پار روابط اور علم کے تبادلے کے نئے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔