کوہاٹ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، تین دہشت گرد جہنم واصل

پشاور۔ 14 نومبر (اے پی پی):کوہاٹ میں محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس نے جمعہ کو ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین مطلوب اور سرگرم دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔کوہاٹ پولیس تر جمان کے مطابق یہ آپریشن تھانہ ایم آر ایس کوہاٹ کی حدود میں کیا گیا۔مصدقہ اطلاع پر کیے گئے اس آپریشن کے دوران، سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں …

پشاور۔ 14 نومبر (اے پی پی):کوہاٹ میں محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس نے جمعہ کو ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین مطلوب اور سرگرم دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔کوہاٹ پولیس تر جمان کے مطابق یہ آپریشن تھانہ ایم آر ایس کوہاٹ کی حدود میں کیا گیا۔مصدقہ اطلاع پر کیے گئے اس آپریشن کے دوران، سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں تینوں دہشت گرد مارے گئے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت محمد قاسم ساکن ڈاک ، شاہد ساکن ڈاک اور ساحر عرف پاٹا ساکن طور چپر درہ آدم خیل کے ناموں سے ہوئی۔ تمام ہلاک ہونے والے دہشت گرد درہ آدم خیل کے سعد عرف شاہ گل تشکیل کے سرگرم عسکریت پسند تھے اور تینوں دہشت گرد درہ آدم خیل، ضلع کوہاٹ میں کانسٹیبل یونس کے مقدمہ قتل نمبری 49 مورخہ 17 ستمبر 2025 میں نامزد ملزمان تھے۔ یہ مقدمہ دفعات 302، 324، 148، 149، اور 7 ATA کے تحت درج کیا گیاتھا۔

مزید برآں، ہلاک ہونے والا دہشت گرد ساحر عرف پاٹا طور چپر پوسٹ پر ہونے والے حملے کے مقدمہ نمبر 54 مورخہ 6 اکتوبر 2025 میں بھی نامزد تھا، جس میں بہادر کانسٹیبل حضرت عمر نے جام شہادت نوش کیا تھا۔ یہ مقدمہ دفعات 302، 324، 353، 427، 3/4 ایکسپلوسیو ایکٹ، 7 ATA، اور 148/149 کے تحت درج تھا،سکیورٹی فورسز نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔