کرک میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، مطلوب دہشت گرد ہلاک

پشاور۔ 14 نومبر (اے پی پی):محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس نے جمعہ کو ضلع کرک کے علاقہ بانڈہ داؤد شاہ میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔تر جمان کرک پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی اور پولیس کے اہلکار علاقے میں موجود تھے جب اُن کا سامنا دہشت گردوں کے ایک گروہ سے ہوا، جس کے بعد فائرنگ کا …

پشاور۔ 14 نومبر (اے پی پی):محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس نے جمعہ کو ضلع کرک کے علاقہ بانڈہ داؤد شاہ میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔تر جمان کرک پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی اور پولیس کے اہلکار علاقے میں موجود تھے جب اُن کا سامنا دہشت گردوں کے ایک گروہ سے ہوا، جس کے بعد فائرنگ کا شدید تبادلہ شروع ہو گیا۔ مقابلے میں دہشتگردوں کی جانب سے خودکار ہتھیاروں کا بھرپور استعمال کیا گیا۔فائرنگ کا تبادلہ رکنے پر، ایک دہشت گرد کو موقع پر ہلاک پایا گیا۔

ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت سلیمان عرف اکرم، ساکن کوہاٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاک دہشت گرد سلیمان عرف اکرم، کلیم اللّٰہ تشکیل کا ایک سرگرم رکن تھا اور مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب تھا ، مذکورہ کے خلاف متعدد ایف آئی آرز درج تھیں۔جس میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کی تنصیبات پر حملے سمیت کئی دیگر دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کے بھی الزامات تھے۔پولیس اور سی ٹی ڈی کا عزم ہے کہ وہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور ملک دشمن عناصر کو عوام کے جان و مال کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔