لاہور۔15نومبر (اے پی پی):دنیا بھر کی طرح شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور میں بھی آج15 نومبر 2025 کو عالمی یومِ ذیابیطس منایا گیا۔ اس موقع پر شعبہ امراضِ ذیابیطس کے زیرِ اہتمام آگہی واک اور مفت میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا، جس کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر مونا عزیز گیلانی ڈپٹی ڈین شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور نے کیا۔ اس موقع پر سربراہ شعبہ میڈیسن پروفیسر ڈاکٹر محمد عثمان، ڈاکٹر …
شیخ زید ہسپتال لاہور میں عالمی یومِ ذیابیطس پر آگہی واک ومفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد

مزید خبریں
لاہور۔15نومبر (اے پی پی):دنیا بھر کی طرح شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور میں بھی آج15 نومبر 2025 کو عالمی یومِ ذیابیطس منایا گیا۔ اس موقع پر شعبہ امراضِ ذیابیطس کے زیرِ اہتمام آگہی واک اور مفت میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا، جس کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر مونا عزیز گیلانی ڈپٹی ڈین شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور نے کیا۔
اس موقع پر سربراہ شعبہ میڈیسن پروفیسر ڈاکٹر محمد عثمان، ڈاکٹر عالیہ علی، ڈاکٹر امِ بلقیس چیف آرگنائزر، ڈاکٹر سید اشتر علی زیدی ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر، ڈاکٹر آفاق آغا، ڈاکٹر محمد رضوان اور مسز رائبیل سلیم ماہر غذائیت سمیت دیگر فیکلٹی ممبران و اسٹاف بھی موجود تھا۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد عثمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذیابیطس ایک سنجیدہ اور تیزی سے بڑھنے والا مرض ہے جو گردوں، دل، جگر، آنکھوں اور اعصابی نظام سمیت جسم کے مختلف اعضا کو شدید متاثر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص، مناسب پرہیز، متوازن غذا، ذہنی دبائو سے بچائو اور باقاعدہ ورزش کی بدولت نہ صرف ذیابیطس پر موثر کنٹرول حاصل کیا جا سکتا ہے بلکہ اس کی پیچیدگیوں سے بھی تحفظ ممکن ہے۔
میڈیکل کیمپ میں عوام کے لیے شوگر، بلڈ پریشر، کولیسٹرول، وزن اور غذائیت کے مفت معائنے کی سہولت فراہم کی گئی۔علاوہ ازیں ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں اور شرکاء کو ذیابیطس سے بچائو اور اس کے بہتر انتظام کے حوالے سے مفت مشورے بھی دیئے۔عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے ہسپتال کے مختلف مقامات پر آگاہی بینرز آویزاں اور معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنی صحت کے بارے میں بروقت قدم اٹھا سکیں۔








