راولپنڈی۔15نومبر (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری کی جانب سے روڈ ٹریفک حادثات کے متاثرین کی یاد کا عالمی دن مری میں بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف تقریبات، آگاہی واکس اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا جن میں شہریوں، طلبا، موٹر وے پولیس، سٹی ٹریفک پولیس اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریسکیو 1122 مری کے …
پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری کی جانب سے روڈ ٹریفک حادثات کے متاثرین کی یاد کا عالمی دن مری میں بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

مزید خبریں
راولپنڈی۔15نومبر (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری کی جانب سے روڈ ٹریفک حادثات کے متاثرین کی یاد کا عالمی دن مری میں بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف تقریبات، آگاہی واکس اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا جن میں شہریوں، طلبا، موٹر وے پولیس، سٹی ٹریفک پولیس اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریسکیو 1122 مری کے ترجمان کے مطابق شہر کے مختلف ریسکیو اسٹیشنز، تعلیمی اداروں اور سیاحتی مقامات پر روڈ سیفٹی آگاہی پروگرامز منعقد کیے گئے۔ ان سرگرمیوں کا مقصد شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی، ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور حادثات کی روک تھام سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔ واک میں شریک افراد نے ایسے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر روڈ سیفٹی اور احتیاطی تدابیر سے متعلق اہم پیغامات درج تھے۔
اس موقع پر انچارج ایمرجنسی آفیسر مری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موٹرسائیکل سوار سب سے زیادہ حادثات کا شکار ہوتے ہیں جبکہ اموات اور شدید زخمی ہونے کی بڑی وجہ ہیلمٹ کا غلط یا غیر موثر استعمال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈرائیور رفتار کی حد کا خیال رکھیں، اوورٹیکنگ سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تو حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کے لیے روڈ سیفٹی اصولوں پر ہر حال میں عمل کریں۔ ریسکیو 1122 مری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی آگاہی مہمات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ سڑکوں کو زیادہ محفوظ بنایا جاسکے۔ ادارے نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایک محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے ریسکیو 1122 کا ساتھ دیں اور ٹریفک قوانین کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔








