حلقے کے 28 دیہات کو گیس کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز، قیمت ایل پی جی کے مقابلے میں 20 فیصد کم ہے، رانا ثناء اللہ

فیصل آباد۔ 15 نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ ان کے حلقے کے 28 دیہات میں بچھائی گئی پائپ لائنوں کو آج باقاعدہ فعال کر دیا گیا ہے اور قطر سے منگوائی گئی لیکویفائیڈ گیس کی فراہمی عوام تک شروع ہو چکی ہے جو اس منصوبے کا سب سے اہم اور بنیادی سنگِ میل ہے۔ …

فیصل آباد۔ 15 نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ ان کے حلقے کے 28 دیہات میں بچھائی گئی پائپ لائنوں کو آج باقاعدہ فعال کر دیا گیا ہے اور قطر سے منگوائی گئی لیکویفائیڈ گیس کی فراہمی عوام تک شروع ہو چکی ہے جو اس منصوبے کا سب سے اہم اور بنیادی سنگِ میل ہے۔ چک نمبر 49 ج ب منڈا پنڈ اور باٹھاں میں گیس فراہمی کے منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقریباً دو برس قبل اس سوچ کے ساتھ پائپ لائن بچھائی گئی تھی کہ جیسے ہی گیس دستیاب ہو گی، فوری طور پر مقامی آبادی کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی اور آج یہ وعدہ عملی طور پر پورا ہو چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے قطر کے ساتھ خصوصی معاہدے کے تحت لیکویفائیڈ قدرتی گیس درآمد کی ہے جو ملکی صارفین کے لیے ایک اہم متبادل توانائی ذریعہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ نئی درآمد شدہ گیس قیمت کے لحاظ سے روایتی سوئی گیس سے کچھ زیادہ ہے تاہم اس کی قیمت ایل پی جی کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد کم ہے، جس کے باعث عام صارف کو واضح ریلیف ملے گا۔ رانا ثناء اللہ نے اپنی تقریر میں اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو تیل اور گیس کے وسیع ذخائر عطا کرے گا تاکہ ملک توانائی کے میدان میں خودکفالت کی منزل پا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں قدرتی وسائل کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کے پاس ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں اور حکومت ان مواقع کو بروئے کار لانے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ حلقے کے عوامی مسائل کے حل میں متعدد مقامی شخصیات نے غیر معمولی کردار ادا کیا ہے جن میں ماسٹر لطیف، احمد دیو،ڈاکٹر شفقت، ملک یاسین، رانا نعمان نومی، علی احمد گل، سیف اللہ دیو اور ذوالفقارچہل عرف بھٹو کے نام نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شخصیات ہمیشہ عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ پیش پیش رہیں اور انہی کی مسلسل جدوجہد نے انہیں آج اس مقام تک پہنچایا کہ وہ موثر انداز میں عوامی خدمت انجام دے سکیں۔ انہوں نے ان شخصیات کے لیے خصوصی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خدمت کا یہ سفر اجتماعی تعاون سے ہی جاری رہ سکتا ہے۔ مسلم لیگ ن کی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ہمیشہ سے خدمت، ترقی اور عوامی فلاح کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل حل کرے، مگر عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ترقی کی سمت میں اٹھائے گئے اقدامات کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی سابقہ حکومت نے پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا تھا اور وہی ترقیاتی تسلسل آج بھی جاری رکھا جا رہا ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ماضی کی سیاسی روشوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر نے ملک میں نفرت، بغض اور انتشار کی سیاست کو فروغ دیا جس نے نہ صرف معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچایا بلکہ ملک کو معاشی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ انہی عناصر نے ان پر 15 کلو ہیروئن اسمگلنگ کا جھوٹا مقدمہ قائم کیا تھا جس کی سزا موت تھی، مگر اللہ نے انہیں باعزت بری کیا اور سچ کو واضح کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ آج وہی کردار قانونِ قدرت کے مطابق انجام کو پہنچ رہے ہیں اور معافیاں مانگ رہے ہیں کیونکہ جو دوسروں کے لیے گڑھا کھودتا ہے وہی اس میں گرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالہ دورِ حکومت میں کرپشن ختم ہونا تو درکنار ، پنکی اور فرح گوگی جیسے کردار سامنے آ گئے جنہوں نے بے دریغ ملک کا سرمایہ لوٹا۔ انہوں نے کہا کہ اس گروہ کی پالیسیوں نے مہنگائی کی ایسی لہر پیدا کی جس کا بوجھ آج تک عوام برداشت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے سابقہ دور میں پیٹرول 65 روپے لیٹر، ڈالر 107 سے 108 روپے تک مستحکم اور بجلی سستی تھی جبکہ عام آدمی خوشحال زندگی گزار رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ موجودہ حکومت عوام کو فوری ریلیف پہنچانا چاہتی ہے مگر سابقہ حکومت کے آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اس معاہدے کی ایک سالہ مدت ابھی باقی ہے اور اس کے مکمل ہوتے ہی حکومت پٹرولیم مصنوعات سمیت دیگر اشیائے خورونوش میں نمایاں کمی لا کر عام آدمی کی زندگی آسان بنانے کی پوزیشن میں ہو گی۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی اور عالمی ساکھ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج مسلم لیگ ن کی عوام دوست اور ترقیاتی پالیسیوں کے باعث پاکستان کو دنیا بھر میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن بھارت کو فیصلہ کن جواب دے کر عالمی سطح پر اپنی طاقت منوائی ہے جس کے بعد پاکستان کے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کا مختلف ممالک میں ریڈ کارپٹ استقبال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ حالیہ معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی سلامتی کے ضامن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ حرمین شریفین کی حفاظت کو اپنا اعزاز سمجھتا ہے اور قوم کا ہر فرد مکہ و مدینہ کی حفاظت کے لیے اپنا تن من قربان کرنے کو تیار رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور اسی جذبے کے ساتھ عوام کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 28 دیہات کو گیس کی فراہمی عوامی سہولتوں کی بہتری اور خوشحالی کے سفر کا آغاز ہے اور وہ دن دور نہیں جب حلقے کا ہر گھرانہ ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا۔