گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے نواب آف جوناگڑھ نواب علی مرتضیٰ خانجی اور چیئرمین مسلم انسٹیٹیوٹ صاحبزادہ سلطان احمد علی کی ملاقات

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے نواب آف جوناگڑھ نواب علی مرتضیٰ خانجی اور خانوادۂ حضرت سلطان باہوؒ کے نمائندے اور چیئرمین مسلم انسٹیٹیوٹ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے گورنر ہاؤس اسلام آبادمیں ملاقات کی۔ ملاقات میں ریاست جوناگڑھ کے تاریخی پس منظر، اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق اور موجودہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اتوار کو گورنر آفس سے جاری …

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے نواب آف جوناگڑھ نواب علی مرتضیٰ خانجی اور خانوادۂ حضرت سلطان باہوؒ کے نمائندے اور چیئرمین مسلم انسٹیٹیوٹ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے گورنر ہاؤس اسلام آبادمیں ملاقات کی۔ ملاقات میں ریاست جوناگڑھ کے تاریخی پس منظر، اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق اور موجودہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اتوار کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر جوناگڑھ کے مسئلے کے حوالے سے اپنا مثبت اور بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس اہم قومی مسئلے کو اجاگر کرنے میں اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے نبھائیں گے۔

ملاقات میں اس حقیقت پر زور دیا گیا کہ جوناگڑھ پاکستان کے ساتھ الحاق کرنے والی پہلی ریاست تھی اور الحاق کے بعد تقریباً تین ماہ تک ریاست میں پاکستان کا پرچم لہراتا رہا تاہم 9 نومبر 1947 کو بھارت نے جوناگڑھ پر غیر قانونی قبضہ کرلیا، جس کے بعد پاکستان نے یہ معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا، جہاں یہ مسئلہ آج بھی رجسٹرڈ ہے۔

شرکائے ملاقات نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ پاکستان کے سرکاری نقشے میں جوناگڑھ شامل ہے اور یہ تنازعہ بھی کشمیر سمیت دیگر سرحدی تنازعات کی طرح پاکستان و بھارت کے درمیان ایک اہم مسئلے کے طور پر موجود ہے۔ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستانیوں کو ہر بین الاقوامی فورم پر جوناگڑھ کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے اور اس مسئلے کے تاریخی و آئینی پہلوؤں کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنا ضروری ہے۔