اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ برداشت اور تحمل ایسے اوصاف ہیں جو ہر معاشرے کو امن اور استحکام کی راہ دکھاتے ہیں، برداشت کے رویّوں کو فروغ دیے بغیر معاشرتی ہم آہنگی ممکن نہیں ہے۔اتوار کو عالمی یومِ برداشت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مؤثر مکالمہ اور باہمی احترام مضبوط جمہوری روایات کی اساس …
برداشت کے رویّوں کو فروغ دیے بغیر معاشرتی ہم آہنگی ممکن نہیں ہے۔،سید یوسف رضا گیلانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ برداشت اور تحمل ایسے اوصاف ہیں جو ہر معاشرے کو امن اور استحکام کی راہ دکھاتے ہیں، برداشت کے رویّوں کو فروغ دیے بغیر معاشرتی ہم آہنگی ممکن نہیں ہے۔اتوار کو عالمی یومِ برداشت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مؤثر مکالمہ اور باہمی احترام مضبوط جمہوری روایات کی اساس ہیں اور پارلیمان قومی وحدت، برداشت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار پوری ذمہ داری سے ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی، عدم برداشت اور نفرت انگیزی کے خلاف تمام طبقات کو مشترکہ طور پر اکٹھا ہونا ہوگا تاکہ ملک میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنایا جاسکے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے معاشرے میں رواداری اور احترام کے رویّوں کو مستحکم کرنا ناگزیر ہے جبکہ عدم برداشت معاشرتی تقسیم اور قومی یکجہتی کو شدید نقصان پہنچاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں برداشت، بردباری اور مثبت طرزِ فکر کو اجاگر کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کیونکہ یہی طبقات مستقبل کی قیادت سنبھالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت، امن، تحمل اور باہمی احترام کا پیغام دیتا ہے، اس لیے معاشرتی اقدار میں رواداری کو مرکزی حیثیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ برداشت اور بھائی چارے کے فروغ سے ہم ایک مضبوط، پُرامن اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔








