اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کا ثقافتی تنوع اور قدرتی حسن اسے دنیا کے خوبصورت ترین ممالک میں شامل کرتا ہے۔اتوار کونیشنل ہیریٹیج اور کلچر ڈویژن اور لوک ورثہ کے زیر اہتمام 9 روزہ لوک میلہ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس رنگا رنگ میلے میں روایتی فنون، دستکاری اور چاروں …
پاکستان کا ثقافتی تنوع اور قدرتی حسن اسے دنیا کے خوبصورت ترین ممالک میں شامل کرتا ہے، طارق فضل چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کا ثقافتی تنوع اور قدرتی حسن اسے دنیا کے خوبصورت ترین ممالک میں شامل کرتا ہے۔اتوار کونیشنل ہیریٹیج اور کلچر ڈویژن اور لوک ورثہ کے زیر اہتمام 9 روزہ لوک میلہ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس رنگا رنگ میلے میں روایتی فنون، دستکاری اور چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی ثقافتی ورثے کی دلکش جھلک پیش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس میلے میں ایسے محسوس ہوا جیسے پورے پاکستان کا سفر کر لیا ہو۔یہاں پنجاب کی سرسبز وادیاں، بلوچستان کے صحرا، سندھ کی ثقافتی عظمت، خیبرپختونخوا کے غیور لوگ اور شمالی و آزاد کشمیر کی منفرد شناخت ایک ہی مقام پر دیکھنے کو ملی۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سیاست اور شکار کے باعث انہیں پاکستان کے ہر علاقے کی سیر کا موقع ملا ہے اور بیرون ملک سفر کے باوجود پاکستان سے خوبصورت کوئی ملک نہیں۔حال ہی میں کوئٹہ، تربت، کراچی، سکھر اور ڈیرہ بگٹی کے دوروں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بلوچستان کے ساحلی حسن اور دیگر دلکش مناظر کی تعریف کی اور کہا کہ ان علاقوں کی خوبصورتی بیان سے باہر ہے، الفاظ اس جذبے کا اظہار نہیں کر سکتے جو مجھے وہاں محسوس ہوا۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک کے بجائے پاکستان کی سیر کرنا ان کی اولین ترجیح ہے کیونکہ انہیں اپنے ملک کے ثقافتی ورثے اور فطری حسن سے گہری محبت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی قوم بہادر اور باوقار ہے اور اسی جذبے کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔ علامہ اقبال کے شعر ’’ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اعلیٰ مقصد کے لیے بنا تھا اور اللہ کے فضل سے دنیا کی صفِ اوّل کی قوموں میں شامل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی تشخص بہتر ہو رہا ہے جو پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک عظیم قوم بننے کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ دنیا میں پاکستان کو ملنے والی عزت ہمارے لوگوں کی اصل طاقت ہے۔
اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹ اور وانا میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اداروں اور عوام نے ثابت کیا کہ دہشتگرد پاکستانیوں کے حوصلے متزلزل نہیں کر سکتے،خودکش حملوں کے باوجود ہزاروں افراد نے لوک میلہ میں شرکت کر کے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے۔انہوں نے حال ہی میں شہید ہونے والے میجر عدنان کے اہلخانہ سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والدین نے غیر معمولی حوصلہ دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تعزیت نہیں مبارکباد لینے آئے ہیں۔
ہمارا بیٹا وطن پر قربان ہوا۔ اگر ہمارے دس بیٹے ہوتے تو سب ملک پر قربان کر دیتے۔انہوں نے کہا کہ ایسی عظیم ماؤں کے ہوتے ہوئے پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ جب تک یہ جذبہ زندہ ہے، اللہ کے فضل سے پاکستان ہمیشہ عزت اور طاقت کے ساتھ آگے بڑھے گا۔وفاقی وزیر نے سکیورٹی فورسز کی بروقت کارکردگی کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان باقی ماندہ چیلنجز پر بھی کامیابی سے قابو پا لے گا۔








