انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کا اہم اجلاس

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عوامی مسائل کے فوری حل، سکیورٹی کے مؤثر انتظامات اور جرائم کے خاتمے سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔آئی جی اسلام آباد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے اور فرائض کی …

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عوامی مسائل کے فوری حل، سکیورٹی کے مؤثر انتظامات اور جرائم کے خاتمے سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔آئی جی اسلام آباد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے اور فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنے علاقوں میں رات گئے تک پٹرولنگ کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں میں پولیس کی موجودگی واضح طور پر محسوس ہو۔سید علی ناصر رضوی نے زور دیا کہ نفری کو منظم انداز میں سکیورٹی، تفتیش اور پٹرولنگ کے کاموں کے لئے استعمال کیا جائے جبکہ تھانہ جات کے انتظامی امور کو مکمل پیشہ وارانہ انداز میں سرانجام دیا جائے۔آئی جی اسلام آباد نے تمام ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایت کی کہ قبضہ مافیا، منشیات فروشی، ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کے خلاف مؤثر اور فوری قانونی کارروائی کی جائے۔

انہوں نے اشتہاری اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کو بھی یقینی بنانے کا حکم دیا۔اجلاس میں مزید کہا گیا کہ کرائم کی روک تھام کے لئے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے اور پولیس کا ہنگامی حالات میں رسپانس فوری اور مؤثر ہونا چاہئے۔ آئی جی نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔