وفاقی وزیر آئی ٹی کی سعودی عرب کے کمیشن برائے کمیونی کیشنز، سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈپٹی گورنر سے ملاقات، ڈیجیٹل تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

باکو۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے ورلڈ ٹیلی کمیونی کیشن ڈویلپمنٹ کانفرنس کے موقع پر سعودی عرب کے کمیشن برائے کمیونی کیشنز، سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈپٹی گورنر عبداللہ عبدالرحمن المبدّل سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ڈیجیٹل تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت آئی ٹی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات …

باکو۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے ورلڈ ٹیلی کمیونی کیشن ڈویلپمنٹ کانفرنس کے موقع پر سعودی عرب کے کمیشن برائے کمیونی کیشنز، سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈپٹی گورنر عبداللہ عبدالرحمن المبدّل سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ڈیجیٹل تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت آئی ٹی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں شزہ فاطمہ خواجہ نے دونوں ممالک کے تاریخی برادرانہ تعلقات اور آئی سی ٹی شراکت داری کے مسلسل مضبوط ہوتے ہوئے سفر کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ڈیجیٹل وژن، خصوصاً اے آئی ، IoT، کلاؤڈ اور سمارٹ سٹی جیسے شعبے، براہِ راست سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے پاکستان کی نوجوان، ٹیک سیوی اور ہنرمند ورک فورس کو خطے کا سب سے بڑا ٹیلنٹ پول قرار دیتے ہوئے سعودی عرب کو پاکستان کی آئی ٹی مہارت سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا ٹیکس رجیم سعودی سرمایہ کاری کے لئے ایک مضبوط مسابقتی فائدہ فراہم کرتا ہے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے سعودی قیادت میں پاکستان میں ڈیجیٹل ایف ڈی آئی انیشی ایٹو کے تحت سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے ڈیٹا سینٹرز اور نیشنل اے آئی انوویشن ہب میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ میں سعودی نیشنل ٹرانسفارمیشن پروگرام کی شمولیت کی بھی تجویز پیش کی۔

وفاقی وزیر نے وژن 2030 کے تحت ہائی سکلڈ آئی ٹی پروفیشنلز اور ڈیجیٹل لیبر کی منظم برآمد کے لئے فریم ورک بنانے کی پیشکش کی۔فریقین نے پاکستان اور سعودی عرب کی اے آئی اور کلاؤڈ پالیسیوں کو ہم آہنگ کرنے جبکہ STZA اور سعودی ٹیکنالوجی سٹیزخصوصاً نیوم اور ریاض کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی کے “Elevate Pakistan” پروگرام کو پاکستان کے لئے اعلیٰ اثرات کا حامل اے آئی ٹریننگ موقع قرار دیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ڈیجیٹل تعاون اور ٹیکنالوجی پارٹنرشپ کو مزید وسعت دی جائے گی۔