بغداد ۔18نومبر (اے پی پی):عراق کے الیکشن کمیشن نے پیر کے روز 11 نومبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے حتمی نتائج جاری کر دیے، جن میں وزیرِ اعظم محمد شیاع السودانی کے سیاسی اتحاد کی نمایاں برتری کی تصدیق ہوئی ہے۔ شنہوا کے مطابق سرکاری ٹیلی وژن پر نشر کی گئی پریس کانفرنس میں آزاد اعلیٰ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ابتدائی نتائج کے مقابلے میں صرف معمولی تبدیلیاں …
عراق انتخابات میں کوئی جماعت اکثریت حاصل نہ کرسکی، محمد شیاع السودا نی کے سیاسی اتحاد کی نمایاں برتری کی تصدیق

مزید خبریں
بغداد ۔18نومبر (اے پی پی):عراق کے الیکشن کمیشن نے پیر کے روز 11 نومبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے حتمی نتائج جاری کر دیے، جن میں وزیرِ اعظم محمد شیاع السودانی کے سیاسی اتحاد کی نمایاں برتری کی تصدیق ہوئی ہے۔ شنہوا کے مطابق سرکاری ٹیلی وژن پر نشر کی گئی پریس کانفرنس میں آزاد اعلیٰ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ابتدائی نتائج کے مقابلے میں صرف معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ حتمی نتائج کے مطابق 329 رکنی عراقی پارلیمنٹ میں السودانی کے ’’ریکانسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ‘‘ اتحاد نے 46 نشستیں حاصل کیں،
جس کے بعد سابق وزیر اعظم نوری المالکی کے ’’اسٹیٹ آف لا‘‘ اتحاد نے 29 نشستوں کے ساتھ دوسری اور سابق اسپیکر محمد الحلبوسی کے ’’تقدم‘‘ اتحاد نے 27 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر جگہ بنائی۔ کسی بھی سیاسی گروہ کو واضح اکثریت نہ ملنے کے باعث حکومت سازی کے لیے اتحاد بنانا اب عراقی سیاسی عمل کا اہم مرحلہ بن گیا ہے، جبکہ السودانی کے اتحاد کی مضبوط کارکردگی انہیں آئندہ مذاکرات میں مرکزی کردار فراہم کرتی ہے۔
اسی دوران عراقی وفاقی سپریم کورٹ نے پیر ہی کے روز حکم دیا کہ سبک دوش ہونے والی پارلیمنٹ کی مدت مکمل ہونے کے بعد موجودہ حکومت نگراں حیثیت اختیار کرے۔ نگراں حکومت کو صرف روزمرہ امور نمٹانے کی اجازت ہوگی اور اسے طویل المدتی فیصلے کرنے، معاہدے کرنے، قرضے لینے یا اعلیٰ عہدیداروں کی تقرری سے روکا گیا ہے۔ عدالت کے مطابق ملک کے صدر اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے جب تک نئی پارلیمنٹ تشکیل نہیں پا جاتی۔








