پرامن انتقال اقتدار پر آزاد جموں وکشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،غلام محمد صفی

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ پرامن انتقال اقتدار پر آزاد جموں وکشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کو مسئلہ کشمیر پر جرأت مندانہ اور اصولی بیانیہ اپنانے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی پیچیدگیوں اور …

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ پرامن انتقال اقتدار پر آزاد جموں وکشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کو مسئلہ کشمیر پر جرأت مندانہ اور اصولی بیانیہ اپنانے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی پیچیدگیوں اور بھارت کی جانب سے مسلسل بدلتی ہوئی جابرانہ پالیسیوں کے تناظر میں چوہدری انوار الحق کا واضح، توانا اور حقیقت پر مبنی مؤقف نہ صرف کشمیری عوام کی امنگوں کا ترجمان بلکہ تحریکِ آزادی کشمیر کے تقاضوں سے بھی مکمل ہم آہنگ رہا۔

کنوینئر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے کہا کہ حکومتِ آزاد کشمیر کی جانب سے اپنے وسائل کو تحریکِ آزادی کے تقویت بخش کردار کے لئے مختص کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے،اس حوالے سے سابق وزیراعظم کی جانب سے اختیار کی گئی پالیسی ایک ایسے راستے کی نشاندہی کرتی ہے جس پر کاربند رہ کر آزاد کشمیر ایک موثر، ذمہ دار اور فعال بیس کیمپ کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ان اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور حریت کانفرنس اس جرأت مندانہ مؤقف کو بھرپور سراہتے ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر نے نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کی سنگین اور حساس صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے تحریکِ آزادی کشمیر کو اپنی حکومتی ترجیحات میں سرفہرست رکھیں گے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وزیراعظم بھارت کے تازہ ترین جبر، آبادیاتی انجینئرنگ، سیاسی قیدیوں کی حالتِ زار، انسانی حقوق کی پامالیوں اور کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کے تناظر میں ایک مربوط، جرأت مندانہ پالیسی پر مبنی موقف اپنائیں گے۔

کنوینئر غلام محمد صفی نے کہا کہ آج تحریکِ آزادی ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، ایسے نازک وقت میں حکومتِ آزاد کشمیر کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ اپنے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی کردار کو مزید موثر بنائے، عالمی برادری تک کشمیریوں کی آواز زیادہ منظم انداز میں پہنچائے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی جبر کو بے نقاب کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے۔

انہوں نے آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کشمیری عوام کی نمائندہ آواز کے طور پر اپنا سفر پوری ثابت قدمی، جرأت اور سیاسی بصیرت کے ساتھ جاری رکھے گی اور آزاد کشمیر کی حکومت مہاجرین اور سیاسی ومذہبی جماعتوں کے ساتھ قریبی تعلق رکھ کر اور ہم آہنگ ہوکر جدوجہدِ آزادی کے تقاضوں کو پورا کرتی رہے گی۔