اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):پاکستان میں پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکہ جات کے قومی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی) اور پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام (پی ای آئی) نے ای پی آئی–پی ای آئی سینرجی فریم ورک پر باضابطہ طور پر دستخط کر دیئے۔فریم ورک کی منظوری نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این …
ای پی آئی – پی ای آئی سینرجی فریم ورک کی منظوری، پولیو اور حفاظتی ٹیکہ جات نظام مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):پاکستان میں پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکہ جات کے قومی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی) اور پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام (پی ای آئی) نے ای پی آئی–پی ای آئی سینرجی فریم ورک پر باضابطہ طور پر دستخط کر دیئے۔فریم ورک کی منظوری نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دی گئی، جس کی صدارت وزیرِاعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے کی۔
اجلاس میں ڈی جی فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن (ایف ڈی آئی) ڈاکٹر صوفیہ یونس اور این ای او سی–پی ای آئی کے نیشنل کوآرڈینیٹر بھی شریک تھے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اس فریم ورک کا مقصد دونوں پروگراموں کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دینا، مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنا اور ایسے مربوط اقدامات کو یقینی بنانا ہے جن سے بچوں کے لیے زندگی بچانے والی ویکسین کی بروقت اور مؤثر فراہمی ممکن ہو سکے۔
عائشہ رضا فاروق نے اس اقدام کو ایک ’’نئے دور کا آغاز‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مربوط کوششوں سے ہر بچے تک ویکسین کی رسائی بہتر ہوگی اور پولیو کے مکمل خاتمے کے ہدف میں تیزی آئے گی۔ڈی جی ایف ڈی آئی ڈاکٹر صوفیہ یونس نے کہا کہ فریم ورک سے منصوبہ بندی اور آپریشنز میں ہم آہنگی بڑھے گی، خصوصاً اُن علاقوں میں جہاں رسائی کے مسائل درپیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہتر کوآرڈی نیشن سے حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج بھی وسیع ہوگی۔نیشنل کوآرڈینیٹر (این ای او سی–پی ای آئی) نے کہا کہ قریبی رابطہ اور مشترکہ سرگرمیاں پولیو کے خلاف حاصل شدہ کامیابیوں کو برقرار رکھنے، قوتِ مدافعت میں پائے جانے والے خلا کو پُر کرنے اور ملک بھر کی کمیونٹیز کے لیے بہتر صحت کے نتائج یقینی بنانے میں مدد دیں گی۔
ای پی آئی–پی ای آئی سینرجی فریم ورک کے تحت افرادی قوت کی استعداد کار بڑھانے، نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے، آؤٹ ریچ سرگرمیوں میں اضافہ کرنے اور مربوط سروسز کے ذریعے ملک بھر میں ٹیکہ کاری کی کوریج بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔این ای او سی اور ایف ڈی آئی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہر بچے تک پولیو سمیت تمام ویکسین سے قابلِ بچاؤ بیماریوں کے خلاف مکمل تحفظ پہنچایا جائے گا۔









