سوڈان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق نئی پابندیاں عائد کر سکتے ہیں ، برطانیہ

لندن ۔19نومبر (اے پی پی):برطانیہ نے کہا ہے کہ وہ سوڈان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق نئی پابندیاں عائد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ العر بیہ کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر نے فوری جنگ بندی کو عملی شکل دینے کے لیے سخت کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سوڈان میں جنگ کے خاتمے کے لیے عالمی سرگرمیوں کے دوران پارلیمنٹ کے …

لندن ۔19نومبر (اے پی پی):برطانیہ نے کہا ہے کہ وہ سوڈان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق نئی پابندیاں عائد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ العر بیہ کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر نے فوری جنگ بندی کو عملی شکل دینے کے لیے سخت کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے سوڈان میں جنگ کے خاتمے کے لیے عالمی سرگرمیوں کے دوران پارلیمنٹ کے اراکین کو بتایا کہ ’میں نے اپنے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق ممکنہ پابندیوں کی فہرست مرتب کریں جنہیں سوڈان پر نافذ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سوڈانی عوام کی تکلیف ختم کرنے کے لیے سنجیدہ سیاسی عمل کے ذریعے امن مذاکرات کی بحالی اور بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے بہت طویل عرصے تک سوڈان کو تنہا چھوڑے رکھا۔ ان کے مطابق ہمارا فرض ہے کہ تفتیشی ٹیمیں ان ہولناک جرائم تک رسائی حاصل کرسکیں اور ذمہ داروں کا احتساب ممکن ہو۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریپڈ سپورٹ فورسز اب تک الفاشر میں امدادی سامان کے لیے محفوظ راستوں کی فراہمی سے انکار کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ الفاشر سے بڑے پیمانے پر سفاکیت کی دل دہلا دینے والی تصاویر سامنے آئی ہیں جن میں اجتماعی قتل، بھوک سے اموات اور جنگی ہتھیار کے طور پر منظم انداز میں جنسی تشدد کا استعمال شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیٹلائٹ تصاویر میں ریت کے رنگ میں تبدیلی، خون کے تالابوں سے مطابقت رکھنے والے نشانات، جلائی گئی لاشیں اور اجتماعی قبروں میں تدفین کے شواہد ملے ہیں۔ الفاشر ایک کھلی قتل گاہ دکھائی دیتا ہے۔

مزید خبریں