چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کا نئے ریکارڈ روم کے قیام کے لیے مختص جگہ کا دورہ

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے جمعرات کو جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس ارشد حسین شاہ کے ہمراہ اسلام آباد ہائی کورٹ (IHC) کے احاطے میں نئے ریکارڈ روم کے قیام کے لیے مختص جگہ کا دورہ کیا۔رجسٹراروفاقی آئینی عدالت پاکستان کے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت نے موقع پر مجوزہ انتظامات کا جائزہ لیا اور سپریم …

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے جمعرات کو جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس ارشد حسین شاہ کے ہمراہ اسلام آباد ہائی کورٹ (IHC) کے احاطے میں نئے ریکارڈ روم کے قیام کے لیے مختص جگہ کا دورہ کیا۔رجسٹراروفاقی آئینی عدالت پاکستان کے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت نے موقع پر مجوزہ انتظامات کا جائزہ لیا اور سپریم کورٹ آف پاکستان میں موجود متعلقہ عدالتی ریکارڈ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں قائم کیے جانے والے نئے ریکارڈ روم میں منتقل کرنے کی باضابطہ منظوری دی۔

انہوں نے اس موقع پر عدالتی ریکارڈ کی محفوظ آرکائیونگ اور مؤثر رسائی کو جاری اور مستقبل کے عدالتی کاموں کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔دورے کے دوران چیف جسٹس امین الدین خان نے اس جگہ کا بھی معائنہ کیا جہاں نیا ڈیسک قائم کیا جا رہا ہےجو نئے مقدمات کی دائرگی، مصدقہ نقول کی درخواستوں اور معلومات کی فراہمی کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد اس ڈیسک کو فوری فعال کرنے کی منظوری دے دی۔

یہ ڈیسک اسلام آباد ہائی کورٹ کے استقبالیہ کے قریب اس طرح قائم کیا گیا ہے کہ وکلا، سائلین اور عام شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آ سکے۔اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے چیف جسٹس سے ملاقات کی اور ان انتظامی اقدامات کو عدالتی سہولیات اور کارکردگی کے فروغ کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ بار کی جانب سے چیف جسٹس کو گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔