باغ۔20نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی فتوحات کا دائرہ معاشی میدان تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار روزہ جنگ کے بعد بھارتی فوج گھٹنوں پر آ گئی، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو ان کا حق ملنے تک پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، دانش سکولز سے فارغ التحصیل …
دانش سکولوں میں پڑھنے والے بچے پاکستان کا نام روشن کریں گے، وزیراعظم کا آزادکشمیر کے علاقے ہاڑی گہل میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب ،پاکستان کی فتوحات کا دائرہ معاشی میدان تک بڑھانے کے عزم کا اظہار

مزید خبریں
باغ۔20نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی فتوحات کا دائرہ معاشی میدان تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار روزہ جنگ کے بعد بھارتی فوج گھٹنوں پر آ گئی، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو ان کا حق ملنے تک پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، دانش سکولز سے فارغ التحصیل عام گھرانوں کے طلبا و طالبات بھی انجینئرز، ڈاکٹرز بن کر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے علاقے ہاڑی گہل میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، وفاقی وزرا انجینئر امیر مقام، احسن اقبال، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں کے علاوہ معززین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ باغ میں باغ دانش کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے، یہ وہ دانش گاہ ہے جس کا سفر ہم نے پنجاب سے شروع کیا تھا، آج پورے پاکستان میں یہ دانش گاہیں دن رات تعمیر و ترقی کے ذریعے پھیل رہی ہیں، بھمبر میں دانش سکول کا 35 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ محکمہ تعلیم کو باغ کے دانش سکول کا23 مارچ 2026ء کو افتتاح کرنے کی ہدایت کی ہے، دانش سکول کا دائرہ کار وادی نیلم تک پھیلایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر نے فارورڈ کہوٹہ میں دانش سکول کے قیام کا مطالبہ کیا ہے، ان کی خواہش پر فارورڈ کہوٹہ کے لئے تحفتاً دانش سکول کا اعلان کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکول پاکستان کے نامور تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہیں، دانش سکولوں میں غریبوں کے بچے بہترین تعلیمی سہولیات حاصل کر رہے ہیں، میرٹ پر مفت اور بہترین تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکولوں کا جو خواب دیکھا تھا اس کی تکمیل کا وقت آ گیا ہے، عوام کو ایسی تعلیمی سہولیات کی فراہمی علامہ اقبال اور قائداعظم کا وژن تھا، دانش سکولوں میں پڑھنے والے بچے پاکستان کا نام روشن کریں گے اور اسے عظیم ملک بنائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکولوں سے غریب اور یتیم بچوں کو بھی انجینئر، ڈاکٹر بننے کے مواقع ملے اور کیمبرج جیسے اداروں میں بھی یہ بچے پہنچ کر اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ وزیراعظم نے امریکی کانگریس کی حالیہ رپورٹ کا خیرمقدم کیا جس نے پاک۔بھارت جنگ میں پاکستان کی طرف سے بھارت کو زناٹے دار تھپڑ رسید کرنے پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی بار بار بھارتی طیارے مار گرائے جانے کا ذکر کرتے ہیں، پاکستان کو جو عزت آج ملی ہے یہ ہمارے بہادر جوانوں اور شاہینوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت ملی ہے، ہماری بری افواج نے بھارت پر الفتح میزائل داغ کر چار دن میں اسے گھٹنوں کے بل گرنے پر مجبور کر دیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سیاسی و عسکری قیادت کی مشاورت سے ہم نے بلاخوف و خطر فیصلے کئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کی دلیری اور فتوحات کے باعث پاکستان کا دنیا میں وقار بلند ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی عسکری و جنگی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بعد معاشی میدان میں بھی فتوحات کا دائرہ بڑھایا جائے گا جس کیلئے حکومت دن رات محنت کر رہی ہے، جو قومیں معاشی طور پر ترقی نہیں کرتیں وہ کامیاب نہیں ہوتیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک دن آئے گا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو ان کا حق ملے گا اور ان کے بچے بھی دانش سکولوں میں تعلیم حاصل کریں گے۔
انہوں نے پاکستان اور آزاد کشمیر کی قیادت پر مشتمل کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر گورننس کا مثالی معیار قائم کریں، آزاد کشمیر کے عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ قبل ازیں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے دانش سکولوں کا دائرہ آزاد کشمیر تک بڑھانے پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی آزاد کشمیر سے وابستگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
انہوں نے پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا پاکستان کی کامیابیوں کی معترف ہے، ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، بھارت نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں 8 لاکھ فوج تعینات کرکے وہاں کے عوام کی زندگیاں اجیرن کر رکھی ہیں، ہم اپنی مسلح افواج کے جوانوں کی جرأت و بہادری کی بدولت چین کی نیند سوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کی بہترین ترجمانی کر رہی ہے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت مل کر رہے گا۔
وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذہین طلبہ کو ایسے موقع کی تلاش تھی کہ وزیراعظم ملک کے کونے کونے میں دانش سکولوں کے قیام کا خواب پورا کر رہے ہیں، دانش سکولوں کے قیام کا یہ اقدام تاریخ کا حصہ بنے گا، وزیراعظم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، دنیا کے کسی کونے میں بھی جائیں پاکستا ن کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، وزیراعظم نے دنیا میں پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا اور آج پوری دنیا ہماری کامیابیوں کی معترف ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ جس وژن کا آغاز وزیراعظم شہباز شریف نے خادم پنجاب کی حیثیت سے کیا تھا ،آج اس کی تکمیل ہو رہی ہے، اس تعلیمی درسگاہ کے ذریعے وزیراعظم نے ملک کے بچوں کیلئے جو خواب دیکھا وہ حقیقت بن کر پورے ملک میں پھیل چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا گیا جس کے ذریعے میرٹ پر لاکھوں غریب طلبا و طالبات کو تعلیم کی سہولت میسر آئی اور وہ دنیا کی بڑی بڑی یونیورسٹیوں تک پہنچے، آئندہ دور ٹیکنالوجی، علم اور برین پاور کا ہے، پاکستان کی ترقی کیلئے اڑان پاکستان جیسے منصوبے طلبا کیلئے فائدہ مند ہیں۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ مستحق اور ہونہار طلبا کی زندگیاں بنانے کا خواب آج پورا ہو رہا ہے، دانش سکول پراجیکٹ بچوں کی زندگیاں بدل رہا ہے شہبازشریف نے 2010 ء میں بطور وزیراعلیٰ پنجاب دانش سکول کی بنیاد رکھی، پنجاب دانش اتھارٹی کو پاکستان دانش اتھارٹی بنا دیا ہے اور اب ہاڑی گہل باغ میں دانش سکول بننے جا رہا ہے۔








