چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے انجم عقیل خان اور ملک ابرار احمد کی ملاقات

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکانِ قومی اسمبلی انجم عقیل خان اور ملک ابرار احمد نے ملاقات کی جس میں اسلام آباد کے شہری مسائل، بلدیاتی سہولیات اور سروس ڈلیوری میں بہتری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود گوندل، ممبر انوائرنمنٹ اسفند یار بلوچ، ممبر انجینئرنگ اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد …

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکانِ قومی اسمبلی انجم عقیل خان اور ملک ابرار احمد نے ملاقات کی جس میں اسلام آباد کے شہری مسائل، بلدیاتی سہولیات اور سروس ڈلیوری میں بہتری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود گوندل، ممبر انوائرنمنٹ اسفند یار بلوچ، ممبر انجینئرنگ اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن سمیت دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر ممبرانِ قومی اسمبلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کی بڑھتی ہوئی شہری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سڑکوں، پارکس، صفائی، واٹر سپلائی اور دیگر سہولیات کی اپ گریڈیشن کے لئے مختلف اقدامات جاری ہیں ۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ شہری سہولیات کی اپ گریڈیشن اور سروس ڈلیوری کے جدید ماڈلز پر تیزی سے کام ہو رہا ہے،جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے صفائی کے نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے جبکہ نئے سسٹم سے شہری و دیہی اسلام آباد میں یکساں اور مؤثر صفائی ستھرائی یقینی بنائی جائے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو بہتر سروس ڈلیوری کے لئے دو پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ بڑھتی ہوئی شہری و انتظامی ضروریات کے پیش نظر پرائیویٹ سیکٹر کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ماحولیات اور کمیونٹی سروسز میں شامل کیا جا رہا ہے۔ایم این اے ملک ابرار احمد نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت سے شفافیت، بروقت خدمات اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ممکن ہوگا۔ انجم عقیل خان نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کو ریلیف اور بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔