ابوظہبی۔21نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات 2025 کے دوران دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تیسرا بڑا عطیہ دہندہ رہا ۔امارات نیوز ایجنسی وام نے عالمی ادارے کی فنانشل ٹریکنگ سروس (ایف ٹی ایس ) کی تازہ ترین رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ متحدہ عرب امارات 2025 کے دوران دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تیسرا بڑا عطیہ دہندہ …
متحدہ عرب امارات 2025 کے دوران دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تیسرا بڑا عطیہ دہندہ رہا،اقوام متحدہ

مزید خبریں
ابوظہبی۔21نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات 2025 کے دوران دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تیسرا بڑا عطیہ دہندہ رہا ۔امارات نیوز ایجنسی وام نے عالمی ادارے کی فنانشل ٹریکنگ سروس (ایف ٹی ایس ) کی تازہ ترین رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ متحدہ عرب امارات 2025 کے دوران دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تیسرا بڑا عطیہ دہندہ بن کر ابھرا ۔ یہ درجہ بندی اقوامِ متحدہ کے شعبہ آرڈی نیشن برائے ہیومینیٹرین افیئرز کے عالمی امدادی ریکارڈ کی بنیاد پر کی گئی ، جو یواے ای کی دیرینہ انسان دوستی اور عالمی ذمہ داریوں بارے اس کے پختہ عزم کی عکاس ہے۔
نائب چیئرمین صدارتی دیوان برائے ترقی و شہدا کے امور اور انٹرنیشنل ہیومینیٹرین اینڈ فلانتھراپک کونسل کے چیئرمین شیخ زياب بن محمد بن زاید النہیان نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ امارات نے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی بصیرت افروز قیادت میں عالمی انسانی اور ترقیاتی میدانوں میں اپنی قائدانہ حیثیت کو پہلے سے زیادہ مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امارات کی انسانی پالیسی کا بنیادی ستون وہ اعلیٰ اقدار ہیں جو مدد، تعاون، یکجہتی اور مستقل ترقی پر قائم ہیں اور ان کا مقصد نسل، مذہب یا جغرافیے کی تفریق کے بغیر دنیا بھر کی ضرورت مند آبادیوں کی مدد کرنا ہے۔
فنانشل ٹریکنگ سروس کی درجہ بندی کے مطابق یواے ای نے 2025 میں 1.46 بلین امریکی ڈالر کی انسانی امداد فراہم کی جو اقوامِ متحدہ کے تحت ریکارڈ کی گئی مجموعی عالمی امداد کا 7.2 فیصد ہے، اس مد میں امریکا اور یورپی یونین کے بعد امارات دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر رہا، مجموعی عالمی امداد 20.28 بلین ڈالر رہی۔شیخ زياب بن محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ امارات دنیا کے مختلف خطوں میں پیدا ہونے والے بحرانوں، قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال میں ہمیشہ تیزی، مؤثریت اور نظم و ضبط کے ساتھ امدادی کارروائیوں کا آغاز کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ طرزِ عمل مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی انسان دوستی کی میراث کا تسلسل ہے،صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور نائب صدر، نائب وزیر اعظم و صدارتی دیوان کے چیئرمین النہیان کی بصیرت اور رہنمائی نے اس مشن کو عالمی سطح پر مزید مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امارات کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد خواہ وہ انسانی ہو، ترقیاتی ہو یا فلاحی، اماراتی قیادت اور عوام کے اس مشترکہ عزم کی نمائندگی کرتی ہے جس کے تحت دنیا بھر میں کمزور طبقات کی مدد، متاثرین کی بحالی، خوراک، ادویات، رہائش اور پوشاک جیسی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔
فوری امداد کے علاوہ امارات تعلیم، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں درمیانی اور طویل المدتی منصوبے بھی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ متاثرہ ممالک کی معاشرتی و معاشی بحالی کو پائیدار بنیاد فراہم کی جا سکے۔امارات کی یہ عالمی خدمات50 اصولوں کے نویں اصول کے عین مطابق ہیں جو انسانی ہمدردی کو امارات کی قومی شناخت اور ضرورت مند طبقات کے لیے اخلاقی فریضہ قرار دیتا ہے۔








