اقوامِ متحدہ کی جوہری ایجنسی کی قرارداد مسترد، ایران کی مزید انتقامی کارروائیوں کی دھمکی

تہران ۔22نومبر (اے پی پی):ایران نے اقوامِ متحدہ کے جوہری نگراں ادارے کے بورڈ آف گورنرز کی ایک قرارداد کو "ایران مخالف" قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور غیر متعین انتقامی کارروائیوں کی دھمکی دی ہے۔ارنا کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے مطالبہ کیا کہ ایران ایجنسی سے مکمل تعاون کرتے ہوئے ہتھیاروں کے قریبی درجے کے یورینیم ذخائر سے متعلق …

تہران ۔22نومبر (اے پی پی):ایران نے اقوامِ متحدہ کے جوہری نگراں ادارے کے بورڈ آف گورنرز کی ایک قرارداد کو "ایران مخالف” قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور غیر متعین انتقامی کارروائیوں کی دھمکی دی ہے۔ارنا کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے مطالبہ کیا کہ ایران ایجنسی سے مکمل تعاون کرتے ہوئے ہتھیاروں کے قریبی درجے کے یورینیم ذخائر سے متعلق "صحیح معلومات” فراہم کرے اور ساتھ ہی ایجنسی کے معائنہ کاروں کو ایرانی جوہری مقامات تک رسائی دی جائے۔

سرکاری نیوز ایجنسی اِرنا کی ایک رپورٹ میں ترجمان وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ ایران نے ویانا میں قائم آئی اے ای اےکو ایک خط میں مطلع کیا ہے کہ جمعرات کی قرارداد کے جواب میں ایرانی حکومت قاہرہ میں موسم گرما میں طے کردہ ایک معاہدہ ختم کرنے کے علاوہ "دوسرے اقدامات” کر سکتی ہے۔

واضح رہے ایران نے اسرائیل سے جنگ کے بعد ایجنسی سے تمام تعاون معطل کر دیا تھا۔ تاہم پھر ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے معائنے دوبارہ شروع کرنے کے لیے ستمبر کے اوائل میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے قاہرہ میں ایک معاہدہ کیا۔بقائی نے فوری طور پر یہ نہیں بتایا کہ ایران مزید کیا اقدامات کرے گا لیکن ملک کے یورینیم کی مزید افزودگی کا امکان ہے۔ انہوں نے آئی اے ای اے پر الزام لگایا کہ وہ امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے ایران کے خلاف "رنجشوں” کو ہوا دے رہی ہے۔

وزیر نے شکایت کی کہ قرارداد میں اس بات کا ذکر نہیں کیا گیا کہ ایران کی طرف سے معائنہ روکنے کی وجہ جون میں اس کی جوہری تنصیبات کے خلاف اسرائیل اور امریکا کے حملے تھے۔آئی اے ای اے کی قرارداد سے اقوامِ متحدہ کی جوہری ایجنسی اور ایران کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ ایران نے ماضی میں نگراں ادارے کے ایسے ہی اقدامات پر سخت ردِ عمل دیا ہے۔

مزید خبریں