جاپان کی برآمدات میں اکتوبر کے دوران 3.6 فیصد اضافہ

ٹوکیو۔23نومبر (اے پی پی):جاپان کی برآمدات میں رواں سال اکتوبر کے دوران 3.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد برآمدات 9.77 ٹریلین ین تک پہنچ گئیں جو اس ماہ کے لیے اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ وام کے مطابق جاپان کی اکتوبر کے دوران درآمدات بھی 0.7 فیصد اضافے کے ساتھ 10 ٹریلین ین رہیں جو مسلسل دوسرے ماہ اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ سرکاری اعداد و …

ٹوکیو۔23نومبر (اے پی پی):جاپان کی برآمدات میں رواں سال اکتوبر کے دوران 3.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد برآمدات 9.77 ٹریلین ین تک پہنچ گئیں جو اس ماہ کے لیے اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ وام کے مطابق جاپان کی اکتوبر کے دوران درآمدات بھی 0.7 فیصد اضافے کے ساتھ 10 ٹریلین ین رہیں جو مسلسل دوسرے ماہ اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں جاپان کی امریکا کو برآمدات سالانہ بنیاد پر 3.1 فیصد کمی کے ساتھ 1.75 ٹریلین ین رہیں جو مسلسل ساتویں ماہ گراوٹ ہے۔ اس کے برعکس چین کو برآمدات 2.1 فیصد بڑھ کر 1.71 ٹریلین ین تک پہنچ گئیں جبکہ چین سے درآمدات 0.8 فیصد اضافے سے 2.48 ٹریلین ین رہیں۔

جاپان کا ایشیا کے باقی ممالک بشمول چین کے ساتھ تجارتی سرپلس نمایاں طور پر بڑھ کر 209.1 بلین ین ہو گیا جو آٹھ گنا سے زیادہ اضافہ ہے۔ اس عرصے میں خطے کو برآمدات 4.2 فیصد بڑھ کر 5.25 ٹریلین ین تک پہنچیں جبکہ درآمدات میں 0.6 فیصد اضافہ ہوا جو 5.04 ٹریلین ین رہیں۔یورپی یونین کے ساتھ جاپان کا تجارتی خسارہ مسلسل 21 ویں ماہ بھی برقرار رہا، جو 96.8 بلین ین ریکارڈ کیا گیا۔ یورپی یونین کو برآمدات 9.2 فیصد بڑھ کر 907.1 بلین ین ہو گئیں جبکہ درآمدات 9 فیصد کمی کے ساتھ 1 ٹریلین ین پر آگئیں۔