ایئرعربیہ کا شارجہ سے لندن گیٹ وِک کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز، 29 مارچ 2026 سے روازنہ 2 پروازیں دستیاب ہوں گی

شارجہ۔25نومبر (اے پی پی):ایئرعربیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ شارجہ اور لندن گیٹ وِک کے درمیان نئی براہِ راست بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کر رہی ہے جو کمپنی کے بین الاقوامی نیٹ ورک میں اہم توسیع کی علامت ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یہ نئی سروس 29 مارچ 2026 سے شروع ہو گی اور روزانہ دو پروازیں فراہم کی جائیں گی، جس سے متحدہ عرب امارات اور …

شارجہ۔25نومبر (اے پی پی):ایئرعربیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ شارجہ اور لندن گیٹ وِک کے درمیان نئی براہِ راست بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کر رہی ہے جو کمپنی کے بین الاقوامی نیٹ ورک میں اہم توسیع کی علامت ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یہ نئی سروس 29 مارچ 2026 سے شروع ہو گی اور روزانہ دو پروازیں فراہم کی جائیں گی، جس سے متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو زیادہ سہولت اور انتخاب میسر آئے گا۔

ایئرعربیہ کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر عادل العلی نے کہا کہ لندن گیٹ وِک کے لیے سروس کا آغاز کمپنی کی ترقی کے سفر میں ایک نمایاں سنگ میل ہے۔ یہ توسیع ہمارے کلیدی منڈیوں کو بہتر رابطے اور سہولت فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ ایئر عربیہ کے معیاری اور کفایتی سفری تجربے کو برقرار رکھتی ہے۔

عادل العلین کے مطابق لندن گیٹ وِک روٹ کا آغاز کاروباری اور تفریحی دونوں نوعیت کے مسافروں کو کم قیمت اور قابل اعتماد فضائی سہولیات فراہم کرے گا اور شارجہ کے ہوائی اڈے سے عالمی رابطے کو مزید مستحکم کرے گا۔

اس موقع پر لندن گیٹ وک ہوائی اڈے کے چیف کمرشل آفیسر جوناتھن پولارڈ نے کہاکہ مشرق وسطیٰ کے مختلف شہروں کے لیے پروازوں کی مانگ میں رواں سال نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ہم لندن و جنوبی برطانیہ کے مسافروں کو مزید متنوع روٹس اور ایئرلائنز کی سہولت فراہم کرنے پر خوش ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایئرعربیہ کا لندن گیٹ وِک آپریشن میں شامل ہونا ایک خوش آئند اضافہ ہے خاص طور پر حالیہ حکومتی منظوری کے بعد جب شمالی رن وے کے باقاعدہ استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ پروازیں شارجہ اور مشرق وسطیٰ کے دیگر شہروں کے ساتھ براہ راست رابطے میں مددگار ثابت ہوں گی۔