بیجنگ۔25نومبر (اے پی پی):بیجنگ میں قائم سفارت کاری اور بین الاقوامی مطالعات سے متعلق غیر سرکاری تھنک ٹینک ’’چارہار انسٹی ٹیوٹ‘‘ کے سینئر ریسرچ فیلو پروفیسر چنگ شی ژونگ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کئے گئے آپریشن (آئی بی او )، جس میں بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، پاکستان کی انسدادِ …
بنوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیاگیا ،آپریشن پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی مہم میں بڑی کامیابی ہے، چینی تھنک ٹینک

مزید خبریں
بیجنگ۔25نومبر (اے پی پی):بیجنگ میں قائم سفارت کاری اور بین الاقوامی مطالعات سے متعلق غیر سرکاری تھنک ٹینک ’’چارہار انسٹی ٹیوٹ‘‘ کے سینئر ریسرچ فیلو پروفیسر چنگ شی ژونگ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کئے گئے آپریشن (آئی بی او )، جس میں بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی مہم میں ایک بڑی کامیابی ہے۔ یہ کارروائی نہ صرف پاکستان کے سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی عکاس ہے بلکہ خطے میں دہشت گردی کو ہوا دینے میں ایک علاقائی طاقت کے مکروہ کردار کو بھی بے نقاب کرتی ہے۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ پشاور میں فیڈرل کنسٹیبلری (ایف سی)کے ہیڈکوارٹر پر ہونے والا حالیہ خودکش حملہ اس بات کو مزید واضح کرتا ہے کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ پاکستان کے لئے سنگین خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ بیرونی قوتیں بین الاقوامی قوانین اور انسانی جانوں کو نظرانداز کرتے ہوئے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز کے باوجود پاکستان کے سکیورٹی اداروں نے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی تیز، فیصلہ کن اور مربوط کارروائی نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان میں ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مستحکم عزم، اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت اور مؤثر جنگی حکمتِ عملی موجود ہے، جس کے ذریعے عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی کو قومی ترجیح کے طور پر تسلسل سے اجاگر کرنا بھی نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد قومی اتفاقِ رائے، حکمتِ عملی کی درستگی اور مضبوط سیاسی عزم پر مبنی ہے۔








