افغان عبوری حکومت دہشت گرد گروہوں کے خلاف موثر اور قابل تصدیق کارروائیاں نہیں کر رہی، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔25نومبر (اے پی پی):پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان جب بھی کسی مقام پر کارروائی کرتا ہے تو کھلم کھلا اعلان کرکے کرتا ہے اور کبھی بھی سویلین آبادی کو نشانہ نہیں بناتا،نان کسٹم پیڈ گاڑیوں پر فوری پابندی عائد کی جائے کیونکہ دہشت گردی کے کئی واقعات میں ان گاڑیوں کا استعمال سامنے آیا ہے۔صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں …

راولپنڈی۔25نومبر (اے پی پی):پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان جب بھی کسی مقام پر کارروائی کرتا ہے تو کھلم کھلا اعلان کرکے کرتا ہے اور کبھی بھی سویلین آبادی کو نشانہ نہیں بناتا،نان کسٹم پیڈ گاڑیوں پر فوری پابندی عائد کی جائے کیونکہ دہشت گردی کے کئی واقعات میں ان گاڑیوں کا استعمال سامنے آیا ہے۔صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو ریاست کی حیثیت سے ہی ردعمل دیتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہماری نظر میں کوئی گڈ یا بیڈ طالبان نہیں، تمام دہشت گردوں کے ساتھ یکساں رویہ اپنایا جاتا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں کسی حالیہ واقعہ میں کوئی خفیہ کارروائی نہیں کی اور جب بھی کوئی اقدام کیا جاتا ہے تو اس کا باضابطہ اعلان کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان عوام کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف ہے تاہم مسئلہ افغان عبوری حکومت کے رویہ سے ہے جو دہشت گرد گروہوں کے خلاف موثر اور قابل تصدیق کارروائیاں نہیں کر رہی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ طالبان حکومت کب تک عبوری حیثیت میں رہے گی اور کب ایک ریاست کی طرح فیصلہ کرے گی؟ ان کا کہنا تھا کہ نان سٹیٹ ایکٹرز کے انداز سے فیصلے قابل قبول نہیں۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 4 نومبر کے بعد سے اب تک 206 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں اور خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 4,910 آپریشنز کیے گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ برسوں میں ہونے والے خودکش حملوں میں ملوث عناصر میں اکثریت افغان شہریوں کی رہی ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاک افغان سرحد پر سمگلنگ اور سرحد پار منظم جرائم کا گٹھ جوڑ توڑنا ناگزیر ہے کیونکہ دہشت گردی کی معاونت کا بڑا ذریعہ یہی نیٹ ورکس ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مطالبہ کیا کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں پر فوری پابندی عائد کی جائے کیونکہ دہشت گردی کے کئی واقعات میں ان گاڑیوں کا استعمال سامنے آیا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور دہشت گردوں کا آخری دم تک پیچھا کیا جائے گا تاہم اس جنگ کے لیے اندرونی کمزوریوں کو بھی دور کرنا ضروری ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ بیرون ملک سے چلائے جانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ریاستِ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں جن کا مقصد عوام اور اداروں کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔