نجی ہاؤسنگ سوسائٹی جناح گارڈن فیز ٹو میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق توہینِ عدالت کیس میں سی ڈی اے کی جانب سے مہلت کی استدعا منظور ، سماعت 22 دسمبر تک ملتوی

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی جناح گارڈن فیز ٹو میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق توہینِ عدالت کیس میں سی ڈی اے کی جانب سے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ تکنیکی کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد معاملے کو مزید دیکھا جائے گا، کیس کی سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ سماعت کے دوران عدالت کے حکم پر …

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی جناح گارڈن فیز ٹو میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق توہینِ عدالت کیس میں سی ڈی اے کی جانب سے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ تکنیکی کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد معاملے کو مزید دیکھا جائے گا، کیس کی سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

سماعت کے دوران عدالت کے حکم پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کے دوران چیئرمین سی ڈی اے سے استفسار کیا کہ عدالتی حکم کے بعد معاملے میں کیا پیشرفت ہوئی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ 21 نومبر کو ہونے والی میٹنگ میں کیس کو سی ڈی اے بورڈ کے سامنے رکھا گیا جہاں بورڈ نے ایک تکنیکی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور وہ 30 روز میں اپنی رپورٹ جمع کرائے گی۔ محمد علی رندھاوا نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مستقبل میں شہریوں کے سرمائے کو محفوظ بنانے کے لئے جامع اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے نئے رولز بھی تیار کئے جا رہے ہیں۔

عدالت نے سی ڈی اے کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ چیئرمین سی ڈی اے کی ٹیم اچھا کام کر رہی ہے ۔ درخواست گزار کے وکیل خرم قریشی نے بھی چیئرمین سی ڈی اے کے اقدامات کی تعریف کی۔ عدالت نے سی ڈی اے کی جانب سے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ تکنیکی کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد معاملے کو مزید دیکھا جائے گا۔ کیس کی سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔