وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سعودی وزیرِ کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل سے ملاقات،باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ریاض۔26نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ریاض میں سعودی عرب کے وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل سے اہم ملاقات کی، جس میں سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوانوں کی کھیلوں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں میں شمولیت اور دونوں ممالک کے درمیان اسپورٹس تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ …

ریاض۔26نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ریاض میں سعودی عرب کے وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل سے اہم ملاقات کی، جس میں سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوانوں کی کھیلوں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں میں شمولیت اور دونوں ممالک کے درمیان اسپورٹس تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل وژن 2030 کے تحت کھیلوں کے شعبے کو غیر معمولی انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں، اور سعودی قیادت کی سرپرستی میں مملکت نے بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی حاصل کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے خصوصاً AFC ایشین کپ 2027، ایشین ونٹر گیمز 2029، ایشین گیمز 2034 اور فیفا ورلڈ کپ 2034* کی میزبانی کے حصول پر سعودی وزیر کھیل کو مبارکباد دی۔ملاقات میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کے انفراسٹرکچر کی ترقی، مشترکہ ٹریننگ پروگرامز، باہمی دوروں اور جونیئر و یوتھ لیول ٹورنامنٹس کے ذریعے دونوں ممالک کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کھیلوں، خصوصاً کرکٹ کو دوستی اور علاقائی ہم آہنگی کا مضبوط پل بنائیں گے۔ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق ہوا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے رابطوں کو مزید تیز کریں گے اور عملی منصوبہ بندی کے ذریعے جلد مشترکہ اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مثبت مواقع فراہم کیے جا سکیں۔