پاکستان کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) کی ایگزیکٹو کونسل کےلئے دوبارہ منتخب

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):پاکستان کو کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) کی ایگزیکٹو کونسل کےلئے 2026سے 2028 کی مدت کےلئے دوبارہ منتخب کرلیا گیا ہے۔ بدھ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ انتخاب ہیگ میں منعقدہ کانفرنس آف سٹیٹس پارٹیز کے 30 ویں اجلاس کے دوران عمل میں آیا۔ کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری ، پیداوار و ذخیرہ اندوزی اور ان …

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):پاکستان کو کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) کی ایگزیکٹو کونسل کےلئے 2026سے 2028 کی مدت کےلئے دوبارہ منتخب کرلیا گیا ہے۔

بدھ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ انتخاب ہیگ میں منعقدہ کانفرنس آف سٹیٹس پارٹیز کے 30 ویں اجلاس کے دوران عمل میں آیا۔ کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری ، پیداوار و ذخیرہ اندوزی اور ان کی تباہی پر کنونشن (سی ڈبلیو سی) 193 ملکوں کے ساتھ تخفیف اسلحہ کا سب سے کامیاب معاہدہ ہے جس نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی ایک پوری کلاس کو ختم کردیا ہے۔

ایگزیکٹو کونسل او پی سی ڈبلیوکا بنیادی پالیسی ساز ادارہ ہے اور یہ کنونشن کے موثر نفاذ اور اس کی تعمیل کی نگرانی کے لیے ذمہ دار ہے۔ یہ کیمسٹری کے پرامن استعمال میں اپنے رکن ممالک کی سائنسی اور اقتصادی ترقی کی بھی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان او پی سی ڈبلیوکا ایک فعال رکن ہے اور اس نے 1997 میں سی ڈبلیو سی کی توثیق کے بعد سے ایگزیکٹو کونسل میں خدمات انجام دی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ او پی سی ڈبلیوکی 41 رکنی ایگزیکٹو کونسل کےلئے پاکستان کا دوبارہ انتخاب تنظیم میں پاکستان کے مثبت کردار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ او پی سی ڈبلیو کے کام کو موثر قیادت اور تحریک فراہم کرنے کی پاکستان کی صلاحیت پر رکن ممالک کے اعتماد کی تصدیق کرتا ہے۔