نوجوان پاکستان کا حقیقی سرمایہ ہیں، فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا حقیقی سرمایہ ہیں اور انہیں عالمی سطح پر شمولیت، مکالمے اور تربیت کے مزید مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔منگل کواسلام آباد میں منعقدہ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز(ایم یو این) وژن 2026 کی لانچ اور ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز جیسے پلیٹ فارمز نوجوانوں …

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا حقیقی سرمایہ ہیں اور انہیں عالمی سطح پر شمولیت، مکالمے اور تربیت کے مزید مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔منگل کواسلام آباد میں منعقدہ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز(ایم یو این) وژن 2026 کی لانچ اور ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز جیسے پلیٹ فارمز نوجوانوں کو عالمی چیلنجز کو سمجھنے، تعمیری مکالمہ کو فروغ دینے اور اجتماعی حل تلاش کرنے کا موقع دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ آج دنیا تقسیم اور تنازع کا شکار ہے تاہم ایسے پروگرام نوجوانوں کو مکالمے، تعاون اور امن کی طرف رہنمائی کرتے ہیں۔پاکستان اور اٹلی کے مضبوط تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ شراکت صرف سفارتکاری تک محدود نہیں بلکہ ثقافتی تبادلے، ترقیاتی تعاون اور نوجوانوں کی شمولیت تک محیط ہے۔انہوں نے کہا کہ اس تعاون سے دونوں ممالک کے نوجوان ایک دوسرے سے سیکھ سکتے ہیں اور مشترکہ مستقبل کی تشکیل میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

طلبہ پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز پلیٹ فارمز سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، مکالمے کو اپنائیں اور ملک کی ترقی کے لیے اپنے خیالات کو سامنے لائیں۔گورنر نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس پروگرام کو پاکستان اوراٹلی تعلقات اور نوجوان نسل کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز وژن 2026 قیادت، سفارتکاری اور عالمی تعاون کے حوالے سے ایک یادگار تجربہ ثابت ہوگا اور پاکستان کی مثبت پہچان کو عالمی سطح پر مزید مضبوط کرے گا۔

مزید خبریں