گومل یونیورسٹی اور خیبرپختونخوا کے دیگر اداروں سے تعلیم یافتہ افراددنیا کے متعدد ممالک میں بہترین خدمات سر انجام دے رہے ہیں ،گورنرخیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گومل یونیورسٹی اور خیبرپختونخوا کے دیگر اداروں سے تعلیم یافتہ افراد دنیا کے متعدد ممالک میں بہترین خدمات سر انجام دے رہے ہیں جس پر ہمیں فخر ہے،مشترکہ کوششوں سے جنوبی اضلاع میں تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے نئے باب رقم ہوں گے ۔وہ بدھ کوگومل یونیورسٹی ایلومینائی فورم کے زیر اہتمام خصوصی میں بطور مہمان …

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گومل یونیورسٹی اور خیبرپختونخوا کے دیگر اداروں سے تعلیم یافتہ افراد دنیا کے متعدد ممالک میں بہترین خدمات سر انجام دے رہے ہیں جس پر ہمیں فخر ہے،مشترکہ کوششوں سے جنوبی اضلاع میں تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے نئے باب رقم ہوں گے ۔وہ بدھ کوگومل یونیورسٹی ایلومینائی فورم کے زیر اہتمام خصوصی میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

تقریب سے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی ، گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال ، ایلومینائی فورم کی آرگنائزر ڈاکٹر آمنہ بی بی ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عبید اللہ ملک ، راولپنڈی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عثمان شوکت اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں گومل یونیورسٹی سے فارغ التحصیل اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں میں مقیم افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اُن کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت افراد اس فورم کا حصہ ہیں، اور اس مادرِ علمی سے فارغ التحصیل ہونا کسی بھی طالبعلم کے لیے فخر کا مقام ہے۔

گومل یونیورسٹی اور خیبرپختونخوا کے دیگر اداروں سے تعلیم یافتہ افراد دنیا کے متعدد ممالک میں بہترین خدمات سر انجام دے رہے ہیں جس پر ہمیں فخر ہے مگر افسوس کہ اب صوبہ میں تعلیم کا وہ معیار نہیں ہے۔ جب یونیورسٹیاں طلبہ یونین کے صدور چلائیں گے اور اداروں کے امور کے نگران ماتحت اہلکار ہوں گے تو ادارے کیسے ترقی کریں گے،میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے ساتھ جلد ہی اس سلسلے میں ملاقات کروں گاکہ صوبہ کے عوام اور نئی نسل کے مفاد میں ہمیں تعلیم اور صحت جیسے شعبہ جات میں پسند نہ پسند سے ہٹ کر صرف اور صرف میرٹ کی بالادستی یقینی بنانی چاہیے۔انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گومل یونیورسٹی جیسے تاریخی ادارے کی بنیاد رکھ کر جنوبی اضلاع کے طلبہ کو ایک عظیم تحفہ دیا۔

گورنر نے گومل یونیورسٹی کے بانی وائس چانسلر نواب اللہ نواز خان سدوزئی کو بھی بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔فیصل کریم کنڈی نے اپنے دورِ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسی دوران پی سی بی سٹیڈیم کی تعمیر ممکن ہوئی۔ سرائیکی ڈیپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ،اب زرعی یونیورسٹی کا قیام ہوچکا ہے جو خوش آئند ہے۔ گورنر نے کہا کہ اب نمل یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ڈیرہ میں وزیر اعظم سے دانش اسکول کی منظوری لی جاچکی ہے جبکہ روٹس انٹرنیشنل سکول کی برانچ بھی جلد ڈیرہ میں قائم کی جارہی ہے۔

انہوں نے ایلومینائی فورم کے اراکین سے درخواست کی کہ وہ رہنمائی اور تعاون فراہم کریں گورنر ہاؤس ہر ممکن مدد کے لیے ان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔صوبہ کے آبی معاملات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1991ء کے ارسا معاہدے میں خیبرپختونخوا کا شیئر ابھی تک نہیں ملا۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سہیل افریدی کی جانب سے وزیراعظم کو چشمہ لفٹ کینال منصوبے کے لیے خط لکھنے کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان شاءاللہ جلد اس منصوبہ کا افتتاح کردیا جائے گا۔گورنر نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جلد کام شروع کیا جائے گاجبکہ ڈیرہ-رَمک-ڈیرہ غازی خان دو رویہ سڑک کی تعمیر بھی جلد شروع ہونے والی ہے۔

صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے انہوں نے کہا کہ ڈیرہ میں بہترین طبی سہولیات ترجیح ہیں اور ایس آئی یو ٹی کی برانچ قائم کرنے کے لیے کوشش جاری ہے۔تعلیم کے حوالے سے گورنر نے کہا کہ بدقسمتی سے خیبرپختونخوا میں کوالٹی ایجوکیشن کا فقدان ہےاور اس حوالے سے وہ وزیر اعلیٰ سے بات کریں گے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایلومینائی فورم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کوششوں سے جنوبی اضلاع میں تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے نئے باب رقم ہوں گے۔تقریب کے اختتام پر گورنر نے آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران ڈاکٹر غلام فرید ، ڈاکٹر گل مجید خان ، ڈاکٹر چوہدری نوید انور ، ڈاکٹر شفا بنگش ، ڈاکٹر واجد قریشی ، ڈاکٹر عامر شہزاد ، ڈاکٹر جنید ارشد اور دیگر کو شیلڈز دیں۔

مزید خبریں