اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم وٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، قوم کا مستقبل انہی گریجویٹس سے وابستہ ہے جو پاکستان کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جاسکتے ہیں۔وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے چوتھے کانووکیشن میں شرکت کی …
نوجوانوں کو جدید تعلیم وٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا نیوٹیک کے چوتھے کانووکیشن سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم وٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، قوم کا مستقبل انہی گریجویٹس سے وابستہ ہے جو پاکستان کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جاسکتے ہیں۔وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے چوتھے کانووکیشن میں شرکت کی جہاں 244 ایم ایس اور بی ایس طلبہ نے اپنی ڈگریاں حاصل کیں۔
یہ موقع نیوٹیک کی سات سالہ تعلیم کے کامیاب اختتام کی بھی نشاندہی کرتا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے کہا کہ گزشتہ سات سال میں نیوٹیک نے 700 سے زائد ایم ایس اور بی ایس گریجویٹس پیدا کیے ہیں اور اس نے انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی میں 22 انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ پروگرامز کا اجرا کیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یونیورسٹی لگن اور عزم کے ساتھ اپنی ترقی جاری رکھے گی۔وفاقی وزیر نے گریجویٹس، ان کے والدین اور فیکلٹی ممبران کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے گریجویٹس کے اہم کردار پر زور دیا، جو انجینئرز، آئی ٹی ماہرین اور ٹیکنالوجسٹ کی حیثیت سے قومی ترقی میں حصہ ڈالیں گے اور انہیں اپنے علم اور صلاحیتیں ملک کے لیے وقف کرنے کی ترغیب دی۔ نیوٹیک کی صنعت کے ساتھ تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے یونیورسٹی کی قومی صنعتی چیمبرز، ایسوسی ایشنز اور بڑے صنعتی اداروں کے ساتھ کی جانے والی شراکت داری کی تعریف کی جو طلبہ کو تکنیکی اور ہنر مند تربیت فراہم کرتی ہے اور معاشرتی ترقی و اقتصادی خوشحالی میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر نے نیوٹیک کی عالمی کامیابیوں کی بھی تعریف کی اور اسے ٹیکنالوجی، ترقی اور جدت میں عالمی رہنما قرار دیا، ساتھ ہی اس کی سائنس انٹرسپلینری رینکنگ میں ٹاپ 500 یونیورسٹیز میں شمولیت کو سراہا۔ انہوں نے فیکلٹی اور سٹاف کی محنت کو بھی سراہا جس نے یونیورسٹی کے وژن اور مشن کو حقیقت میں بدلنے میں کردار ادا کیا ہے۔
وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے تمام گریجویٹس اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور انہیں صنعت، معاشرے اور ملک کی خدمت میں اہم کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانووکیشن علم کے عملی اطلاق کے ذریعے قوم کی تعمیر میں ایک نئے آغاز کی نمائندگی کرتا ہے۔








