قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے ڈی جی ایف آئی اے اور سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی الگ الگ ملاقات،جاری منصوبوں بار تبادلہ خیال کیا

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے ڈائریکٹر جنرل اور سیکرٹری وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں ادارہ جاتی امور، جاری منصوبوں اور قومی سطح پر درپیش چیلنجز بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ہفتے کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کو ادارے …

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے ڈائریکٹر جنرل اور سیکرٹری وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں ادارہ جاتی امور، جاری منصوبوں اور قومی سطح پر درپیش چیلنجز بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ہفتے کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کو ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری تحقیقات اور قومی سلامتی سے متعلق مختلف پہلوؤں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈی جی ایف آئی اے نے حالیہ کارروائیوں، کریک ڈاؤنز، خصوصی تحقیقاتی مہمات، جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے سائبر کرائم، سرحد پار مجرمانہ سرگرمیوں، منی لانڈرنگ، انسانی سمگلنگ اور دیگر سنگین جرائم کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی روشنی ڈالی۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے ایف آئی اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شفاف تحقیقات، پروفیشنل ازم اور قومی اداروں کا مضبوط ہونا ملکی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے جدید تحقیقاتی تکنیکوں کے فروغ، استعداد کار میں اضافے اور عالمی سطح پر بڑھتے جرائم کا مقابلہ کرنے کے لیے مؤثر اور مربوط حکمتِ عملی اپنانے پر زور دیا۔ سیدال خان ناصر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے مکمل پارلیمانی تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے جیسے ادارے شفاف حکمرانی، داخلی سلامتی اور انصاف کے مؤثر نظام کے مضبوط ستون ہیں۔سیکرٹری وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کے دوران وزارت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں، نئی سکیموں، سرکاری املاک سے متعلق حکومتی اقدامات اور جاری و تکمیل کے قریب منصوبوں بار ے تفصیلی بریفنگ دی۔

سیدال خان ناصر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ صرف عوامی سہولت کے لیے ضروری ہے بلکہ اس سے قومی خزانے کے نقصان، غیر ضروری تاخیر اور وسائل کے ضیاع کو بھی روکا جا سکتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ حکومت کے جاری منصوبوں میں شفافیت، معیار اور تیزی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام اور سرکاری محکموں دونوں کو بروقت فائدہ پہنچے اور ترقیاتی سرگرمیوں کے نتیجے میں ملک آگے بڑھ سکے۔سیدال خان ناصر نے وزارتِ ہاؤسنگ کو ہدایات کی کہ تمام منصوبوں کی نگرانی، معیار اور رفتار پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے طے شدہ ٹائم لائن کے اندر منصوبے مکمل کیے جائیں تاکہ قومی ترقی کا سفر تیزی سے جاری رہ سکے۔

مزید خبریں