ونڈہوک۔7دسمبر (اے پی پی):کرکٹ نمیبیا نے سابق جنوبی افریقی کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کوچ گیری کرسٹن کو مردوں کی قومی ٹیم کا مشیر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ گیری کرسٹن ہیڈ کوچ کریگ ولیمز کے ساتھ مل کر آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں میں مرکزی کردار ادا کریں گے، جو بھارت اور سری لنکا میں فروری تا مارچ منعقد ہوگا۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق گیری …
نمیبیا کرکٹ کے لیے بڑی پیش رفت ، گیری کرسٹن مردوں کی قومی ٹیم کے مشیر مقرر

مزید خبریں
ونڈہوک۔7دسمبر (اے پی پی):کرکٹ نمیبیا نے سابق جنوبی افریقی کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کوچ گیری کرسٹن کو مردوں کی قومی ٹیم کا مشیر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ گیری کرسٹن ہیڈ کوچ کریگ ولیمز کے ساتھ مل کر آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں میں مرکزی کردار ادا کریں گے، جو بھارت اور سری لنکا میں فروری تا مارچ منعقد ہوگا۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق گیری کرسٹن نے تقرری کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ انہیں کرکٹ نمیبیا کے ساتھ کام کرنا اعزاز محسوس ہوتا ہے۔
انہوں نے کہامیں کرکٹ نمیبیا کے عزم اور ہائی پرفارمنس ماحول کی تشکیل کے لیے ان کی لگن سے بے حد متاثر ہوا ہوں۔ ان کا نیا سٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ سٹیڈیم اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ دنیا کی بہترین ٹیموں کے مقابلے کے لیے سنجیدہ ہیں۔نمیبیا نے گزشتہ تینوں ٹی20 ورلڈ کپ (2021، 2022، 2024) میں شرکت کی اور اب 2026 ایڈیشن کے لیے بھی مضبوط امیدوار ہے۔ اس کے علاوہ وہ جنوبی افریقااور زمبابوے کے ساتھ مشترکہ میزبانی بھی کرے گا۔کرکٹ نمیبیا کے مطابق گیری کرسٹن کی تقرری موجودہ کوچنگ ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ان کا بین الاقوامی تجربہ، کوچنگ میں کامیابیاں اور کھلاڑیوں کی نشوونما کا جذبہ ایگلز سکواڈ میں قیمتی اضافہ ہوگا۔گیری کرسٹن جو 1993 تا 2004 جنوبی افریقاکے بہترین بلے بازوں میں شمار ہوتے رہے، نے ریٹائرمنٹ کے بعد کوچنگ میں نام کمایا۔ بھارت کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے انہوں نے 2011 کا ورلڈ کپ جتوایا، جبکہ وہ جنوبی افریقا سمیت مختلف بین الاقوامی اور فرنچائز ٹیموں کے ساتھ بھی منسلک رہے۔ ان کا آخری بڑا تقرری دور 2024 میں پاکستان کی مردوں کی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر تھا، جو اختتام تک نہ پہنچ سکا۔گیری کرسٹن کی شمولیت سے توقع ہے کہ نمیبیا کی ٹیم آئندہ عالمی مقابلوں میں مزید مضبوط اور مسابقتی انداز میں سامنے آئے گی۔








