اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):امریکا کی ییل یونیورسٹی کے ایم بی اے طلبہ کا 35 رکنی وفد جنوری 2026 میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔یہاں جاری بیان کے مطابق یوایس پاکستان بزنس الائنس کے چیئرمین چوہدری نجيب نے ییل یونیورسٹی کے 35 رکنی وفد اور الائنس کے بانی اراکین کے ہمراہ پاکستان کے سفیر برائے امریکا رضوان سعید شیخ سے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد …
امریکا کی ییل یونیورسٹی کے ایم بی اے طلبہ کا 35 رکنی وفد جنوری 2026 میں پاکستان کا دورہ کرے گا

مزید خبریں
اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):امریکا کی ییل یونیورسٹی کے ایم بی اے طلبہ کا 35 رکنی وفد جنوری 2026 میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔یہاں جاری بیان کے مطابق یوایس پاکستان بزنس الائنس کے چیئرمین چوہدری نجيب نے ییل یونیورسٹی کے 35 رکنی وفد اور الائنس کے بانی اراکین کے ہمراہ پاکستان کے سفیر برائے امریکا رضوان سعید شیخ سے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد کے آئندہ ماہ اسلام آباد کے مجوزہ دورے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
شیڈول کے مطابق ییل یونیورسٹی کا یہ وفد جنوری 2026 کے پہلے ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرے گا،جو یوایس پاکستان بزنس الائنس کی قیادت میں پاکستان آنے والا پہلا باضابطہ امریکی وفد ہوگا۔دورے کے دوران وفد نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت اہم قومی اداروں کا دورہ کرے گا۔ اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔
اسلام آباد میں یوایس پاکستان بزنس الائنس کے باضابطہ اجرا کی خصوصی تقریب بھی منعقد ہوگی، جس میں اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل، وزارت خارجہ، وزارت تجارت، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور کاروباری برادری کے رہنما شریک ہوں گے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ اور امریکی سفارتکار بھی تقریب میں موجود ہوں گے۔اس موقع پر پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی وفد کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی و تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے کیلئے ایسے تبادلے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی، توانائی، زراعت، مینوفیکچرنگ اور انویشن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔یوایس پاکستان بزنس الائنس کے چیئرمین چوہدری نجيب نے اسے الائنس کے لیے ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی صلاحیت سے واقفیت دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تعاون کے نئے راستے کھولے گی۔
انہوں نے کہا کہ ییل یونیورسٹی کے طلبہ کا یہ دورہ پاکستان کے مثبت تشخص اور کاروباری امکانات کو اجاگر کرے گا۔الائنس کے بانی رکن اور حافظ آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک سہیل حسین نے کہا کہ یوایس پی بی اے پاکستان کی اصل معاشی قوت اور تجارتی امکانات دنیا کے سامنے لانے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وفد امریکی سرمایہ کاروں اور طلبہ کا پاکستان پر اعتماد بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔








