ویلنگٹن۔8دسمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے لئے بری خبر یہ ہے کہ فاسٹ بولر میٹ ہنری،سپن آل راؤنڈر مچل سینٹنر اور آل راؤنڈر نیتھن سمتھ انجری مسائل کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ہوم ٹیسٹ سیریز کے بقیہ میچز سے باہر ہو گئے ہیں۔ سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر ٹام بلنڈل پہلے ہی کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوران ہمسٹرنگ انجری کے بعد دوسرے …
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا،میٹ ہنری مچل سینٹنر اور نیتھن سمتھ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر
ویلنگٹن۔8دسمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے لئے بری خبر یہ ہے کہ فاسٹ بولر میٹ ہنری،سپن آل راؤنڈر مچل سینٹنر اور آل راؤنڈر نیتھن سمتھ انجری مسائل کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ہوم ٹیسٹ سیریز کے بقیہ میچز سے باہر ہو گئے ہیں۔ سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر ٹام بلنڈل پہلے ہی کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوران ہمسٹرنگ انجری کے بعد دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں تھے۔متعدد کھلاڑیوں کے ایک ساتھ باہر ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کو سکواڈ میں ہنگامی تبدیلیاں کرنا پڑی ہیں۔
مائیکل رے کو گزشتہ روز سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، جبکہ اب ناردرن ڈسٹرکٹس کے سیم بولنگ آل راؤنڈر کرسچیئن کلارک کو بھی ٹیم میں بلا لیا گیا ہے۔ ویلنگٹن میں دوسرا ٹیسٹ 10 دسمبر سے شروع ہونا ہے۔ کرسچیئن کلارک اور مائیکل رے کو پلنکٹ شیلڈ کے تیسرے راؤنڈ سے اچانک نکال دیا گیا تھا۔ 24 سالہ کرسچیئن کلارک اب تک ٹیسٹ ڈیبیو سے محروم ہیں لیکن انہوں نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں میٹ ہنری کی انجری کے باعث ٹیم میں جگہ بنائی تھی۔ 27 فرسٹ کلاس میچز میں ان کی 77 وکٹیں اور 893 رنز ان کی آل راؤنڈ قابلیت کا ثبوت ہیں۔
ویلنگٹن ٹیسٹ میں بلیئر ٹکنر بھی انتخاب کے لیے مضبوط امیدوار ہوں گے، جبکہ مائیکل رے اور کرسچیئن کلارک میں سے کسی ایک کو ممکنہ ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے۔نیوزی لینڈ کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ مڈل آرڈر کے اہم کھلاڑی ڈیرل مچل دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ گلین فلپس بھی مکمل فٹنس دکھا چکے ہیں اور ممکنہ طور پر انتخاب کے لیے زیر غور آئیں گے۔یاد رہے کہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لئے اعلان کردہ نیوزی لینڈ کے 13 رکنی سکواڈ میں ٹام لیتھم (کپتان)، ڈیون کانوے، کین ولیم سن، وِل ینگ، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، مچل ہے (وکٹ کیپر)، مائیکل بریسویل، زیک فاؤکس، جیکب ڈفی، بلیئر ٹکنر، مائیکل رے، کرسچیئن کلارک شامل ہیں۔









